عدت کیس: عمران خان و بشریٰ بی بی حاضری سے مستثنیٰ قرار، سماعت ملتوی

جمعرات 20 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں دونوں مدعیٰ علیہان کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئےکیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی۔

کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی۔ درخواست گزار محمد حنیف اور عمران خان و بشریٰ بی بی کی جانب سے شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔ مدعا علیہان کی جانب سے ان کے وکیل نے جمعرات کی پیشی پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کیا۔

وکیل شیر افضل مروت کی جانب سے وکالت نامہ بھی جمع کروا دیا گیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ سیشن جج کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیا ہوا ہے اور وہ درخواست گزار ہیں کہ عدت کیس بے بنیاد اور سیاسی مقاصد کے لیے بنایا گیا۔

جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ درخواست دائر کردیں اور نوٹس کر کے درخواستگزار کا موقف جانا ضروری ہے۔

عدالت نے شیر افضل مروت کی جانب سے دائر درخواست منظورکرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔

توشہ خانہ کیس کی سماعت، خواجہ حارث عمران خان کے نمائندے مقرر

توشہ خانہ کیس کی سماعت کا اغاز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں ہوا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث جب کہ الیکشن کمیشن کے وکلا سعد حسن اور امجد پرویز عدالت میں حاضر ہوئے۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہےلہٰذا عدالت سے درخواست ہے کہ انہیں آج حاضری سے استثنیٰ دے دیا جائے۔

اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ توشہ خانہ کیس مزید استثنیٰ کی درخواستوں پر نہیں چل سکتا عدالت کس بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ منظور کرے ، کیس میں شہادتیں ریکارڈ کروا لیں۔

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی موجودگی میں شہادتیں ریکارڈ ہونی ہیں۔

جج نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ عدالت آپ کو موقع دے رہی ہے آپ ایک نمائندہ مقرر کر کے گواہان کا بیان قلمبند کروا لیں۔

الیکشن کمیشن وکیل امجد پرویز نے نمائندہ مقرر کرکے شہادتیں ریکارڈ کرنے کے قوانین پڑھے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی موجودگی میں شہادتیں ریکارڈ ہونی چاہیے اور قانون کے مطابق بھی ملزم کی موجودگی میں ہی شہادتیں ریکارڈ ہوتی ہیں اور ملزم اپنا نمائندہ مقرر کرتا ہےجس کے بعد شہادتیں ریکارڈ ہوتی ہیں۔

جج نے کہا کہ وہ خواجہ حارث کو نمائندہ مقرر کر رہے ہیں تاہم خواجہ حارث نے کہا کہ اس فیصلے پر ان کا اعتراض نوٹ لیا جائے۔

عدالت نے خواجہ حارث کو چیئرمین پی ٹی آئی کا پلیڈر مقرر کردیا اور وکیل الیکشن کمیشن سے کہا کہ آپ اپنے گواہ کا بیان کروائیں۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ۔

الیکشن کمیشن کے پہلے گواہ وقاص ملک کا بیان قلمبند ہوا۔ توشہ خانہ کیس کے دوسرے گواہ ڈپٹی ڈآئریکٹر کانفیڈینشل ای سی پی مصدق انور بھی کمرہ عدالت پہنچے اور بیان قلمبند کروایا لیکن خواجہ حارث نے ان کے عہدے پرٓ اعتراض کیا۔ توشہ خانہ کیس کی سماعت کل 9 بجے تک ملتوی کردی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp