2008 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ویلکم کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ خبر ہے کہ فلم کا تیسرا حصہ بننے جا رہا ہے۔ اس کی تصدیق اداکار ارشد وارثی نے کی ہے۔ارشد نے کہا کہ ویلکم تھری آپ کی سوچ سے بڑی ہو گی۔ فلم میں اکشے کمار، سنجے دت اور پریش راول بھی نظر آئیں گے۔ اکشے کمار نے ویلکم کے پہلے حصے میں کام کیا تھا۔ ویلکم 2 میں ان کی جگہ جان ابراہم نے لی تھی تاہم یہ فلم کچھ خاص نہیں کما سکی تھی۔
ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد وارثی نے کہا ’فلم کا کلائمکس آپ کے تصور سے بالاتر ہوگا، یہ فلم تھیٹر میں ناظرین کی سوچ سے بڑی ثابت ہوگی۔ فلم میں میرے علاوہ، اکشے، سنجو اور پاریش راول مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، اور بھی کئی اداکار فلم میں نظر آئیں گے۔‘
ارشد کافی عرصے سے بڑے پردے پر نظر نہیں آرہے ہیں۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سینما کا منظرنامہ بدل گیا ہے اب جو فلمیں تھیٹروں میں ریلیز ہو رہی ہیں وہ سب سپر ہیرو والی فلمیں ہیں۔ مجھے ان بڑی فلموں میں چھوٹے کردار کرنا سمجھ نہیں آتا، مجھے ان فلموں میں بھاری معاوضے کی آفر تھی لیکن میں نے نہیں کیا۔کام میں اطمینان میرے لیے زیادہ اہم ہے۔
ارشد سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ کیا وجوہات تھیں جن کی وجہ سے انہیں جولی ایل ایل بی سے ہٹا دیا گیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے ارشد کہتے ہیں میرے خیال میں میکرز فلم کو اور بڑا بنانا چاہتے تھے، ممکن ہے پروڈکشن والوں کو کوئی بڑا اسٹار لینا ہو۔ اگرچہ پہلے حصے میں لوگوں نے میرا کام پسند کیا تھا۔ اس لیے میں اب واپس آیا ہوں۔ لوگ مجھے اور اکشے کو ایک ساتھ دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے۔ فلم کی شوٹنگ جنوری میں شروع ہوگی۔ اکشے اور ارشد جولی ایل ایل بی 3 میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔