’چائے میں ہی ہے بس مزا صاحب‘

جمعہ 10 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناشتے کی میز پر چائے نہ ہو تو ناشتہ ، ناشتہ لگتا ہی نہیں ، اسی طرح سردیوں کی شاموں میں چائے پینے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔

دوستوں کی محفل میں دنیا بھر کی گپ شپ اور ٹھنڈی ٹھار جگتوں کے ساتھ ساتھ چائے کی چسکیاں بھلائے نہیں بھولتیں۔

قارئین اس تمہید کا لب لباب یہ ہے کہ آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے چائے کی مختلف تراکیب پیش خدمت ہیں۔خود بھی بنا کر پئیں اور دوستوں کو بھی پلائیں ۔

کوکو چائے:
اجزا:
پانی (1/4 کپ)، دودھ (ایک کپ)، پتی( ¾ چائے کا چمچ)، چینی (2 چمچ) ، کوکو پاؤڈر (½ چائے کا چمچ)
ترکیب:

پتیلی میں 1/4 کپ پانی اور ایک کپ دودھ اور 3/4 چائے کا چمچ پتی اور 2 چائے کا چمچ چینی شامل کریں۔ابال آنے پر 1/2 چائے کا چمچ کوکو پاؤڈر شامل کرلیں۔ جوش آنے پر کپ میں چھان کر نکال لیں اور لطف اندوز ہوں ۔

تندوری چائے
اجزا:
ایک مٹی کا پیالہ، پانی ( 1/4 کپ)، دودھ ( 1 کپ)، پتی ( 1 چمچ)، چینی ( 2 چمچ)، ادرک (½ انچ)
ترکیب:
پتیلی میں پانی، دودھ، پتی، چینی اور ادرک شامل کرکے ابال لیں، دوسرے چولہے پر مٹی کا پیالہ تیز آنچ پر گرم کرلیں اور خالی ساس پین کے اندر رکھ لیں اور بنی ہوئی چائے کو اس میں شامل کرلیں اور پھر ایک کپ میں نکال لیں، مزیدار تندوری چائے تیار ہے۔

گلابی نہیں گلاب چائے
اجزا:

2 کپ پانی، پتی، 2 کپ دودھ، گلاب کی پتیاں، 2 چمچ لال شربت

ترکیب:
پتیلی میں 2 کپ پانی لیں اور چائے کی پتی شامل کرکے ابال لیں۔ ایک اور پتیلی لیں جس میں 2 کپ دودھ ڈالیں اور ایک چمچ گلاب کی تازہ پتیاں شامل کردیں۔ 2 چمچ لال شربت کے ملا کر دھیمی آنچ پر 10 منٹ تک پکائيں۔پھر چائے کی پتی والا ساس پین بھی اس میں انڈیل لیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جوش آنے پر چھان کر نکال لیں مہمانوں کو پیش کریں۔

آئس ٹی
اجزا:
پانی( 1 کپ)، چینی (2 چمچٌ)، چائے ( 1 چمچ)، برف
ترکیب:
پتیلی میں پانی، چینی اور پتی شامل کرکے ابال لیں، جوش آ جائے تو خالی کپ میں 3 سے 4 برف کے ٹکڑے شامل کرکے چائے کو کپ میں چھان کر نکال لیں اور نوش فرمائیں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp