الیکشن میں جو فیصلہ ہوا، سر تسلیم خم کریں گے، شہباز شریف

ہفتہ 22 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ انتخابات قریب آرہے ہیں، عوام کو جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کرنا ہوگا، ہم نے طے کر لیا ہے کہ الیکشن میں عوام کا جو بھی فیصلہ ہوا اس کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے اور جس کو بھی حکومت ملی  ہم اپنا حصہ ڈالیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شرقپور میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ آج اگر نواز شریف کی حکومت ہوتی تو ملک کہیں کا کہیں ہوتا، نواز شریف نے پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا مگر بدقسمتی سے ملک کے 4 سال صائع کیے گئے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ جب بھی ان 4 سالوں کے بارے میں سوچتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے، چار سالوں میں ساری اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا، نواز شریف کو جیل میں ڈالا گیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کو قوم کا معمار سمجھتا ہوں، انہوں نے پاکستان کے لیے نے پناہ کام کیے ہیں، ابھی بھی الیکشن کا وقت قریب ہے قوم فیصلہ کرلے کہ انہوں نے کس طرف جانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل عوام کا پیسہ ہے، برطانوی ایجنسی نے اشتہار بھی لگایا کہ 190 ملین پاونڈ پاکستانی عوام کے ہیں، پیسہ  قومی خزانے کے بجائے سپریم کورٹ  کے اکاونٹ میں چلاگیا، اسٹیٹ بینک میں آجاتا تو اس وقت عوامی منصوبوں پر لگتا۔

انہوں نے مزید کہاکہ بند لفافے میں کشمیر کا سودا کر دیا گیا، گزشتہ حکومت بندلفافہ کابینہ میں لے گئی، وہاں کاغذ دیکھا نہ بحث کی، صرف ایک دو وزراء نے بحث کی، کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا گیا، اتنا بڑاجرم ہوا جسکا کوئی حساب ہی نہیں ہے۔

انکا کہنا تھاکہ میں نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دیے، بچے محنت کرتے ہیں تو  لیپ ٹاپس دیتے ہیں، نوجوانوں کو لیپ ٹاپس نہ دیتا توکیا کلاشنکوف یا منشیات دیتا، الیکشن   کے بعد موقع ملا تو ملک بھر میں لیپ ٹاپس گھروں میں پہنچائیں گے۔

انکا مزید کہنا تھاکہ جان لڑائیں گے لیکن ملک کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ملک میں  مہنگائی ضرور ہے  بس چلے تو راتوں رات  ختم کردوں، لیکن کسی جادو یا پھونک مارنے سے مہنگائی ختم نہیں ہوگی وقت لگے گا۔

انہوں نے کہاکہ اب پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا، اب وہ وقت آگیا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp