ثاقب نثار 2018 میں کی گئی سازش کا سرغنہ تھا، وزیر اعظم شہباز شریف

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کے دو پٹے پہنا کر اقتدار میں لائے گئے شخص نے ملک میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، ثاقب نثارسازشی ٹولے کا سرغنہ تھا، الیکشن کی آمد آمد ہے، فیصل آباد کے عوام ان سازشیوں اور بہرپیوں کو شکست دیں اور نواز شریف کو جتوا کر 2018 کا بدلہ لیں۔

اتوار کو فیصل آباد بائی پاس سے موٹر وے ایم 3 براستہ ستیانہ تک سڑک کو دو رویا کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، آپ نے ووٹ کی طاقت سے نا صرف 2018 میں یہاں جو بہروپیے متعارف کرائے گئے ان کو شکست دینی ہے بلکہ آپ نے نواز شریف کو جتوا کر 2018 کا بدلہ بھی لینا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو فیصل آباد بائی پاس سے موٹر وے ایم 3 براستہ ستیانہ تک سڑک کو دو رویا کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

مولانا فضل الرحمن ہمارے اتحادی ہیں

شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے اتحادی ہیں اور اس اتحاد کے انتہائی قابل احترام رکن ہیں۔ اس کے علاوہ آصف علی زرداری، مینگل ، خالد مگسی ، اے این پی کے اعظم حیدر ہوتی بھی ہمارے اتحادی ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ ن لیگ کا فطری اتحاد بنتا ہے یہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے منصوبوں پر ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کیا، سابق حکمران  3 سال معاشرے میں زہر گھولتا رہا، بھونڈے الزامات لگاتے رہا، فیصل آباد کے نوجوان ساتھیوں ریکارڈ منگوا لو، ان کا ریکارڈ ایسا ہی ملے گا جیسا کوئی دشمن کسی دشمن کے ساتھ کرتا ہے۔

جو بھی سازش کی گئی اس کا سرغنہ اس وقت کا چیف جسٹس ثاقب نثار تھا

شہباز شریف نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے دو پٹے پہنا کر بنی گالہ کے جس شخص کو اقتدار میں لایا گیا اس نے ملک میں تعمیر و ترقی کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی ۔

 2018 میں دھاندلی کے ذریعے ن لیگ کے امیدواروں کو شکت دی گئی اور بنی گالہ کے رہنے والوں کو اقتدار میں لایا گیا۔ اس وقت جو بھی سازش کی گئی اس کا سرغنہ اس وقت کا چیف جسٹس ثاقب نثار تھا۔

گزشتہ حکومت معاشرے میں زہر گھولتی رہی

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جن کا کوئی وجود نہ تھا وہ الزامات لگاتے رہے۔ گزشتہ حکومت کا 4 سال تک ایک ہی کام رہا کہ  وہ معاشرے میں زہر گھولتی رہی۔

ان لوگوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے تو بڑے دعوے کیے کہ ملک میں سڑکوں، یونیورسٹیوں کے جال بچھا دیں گے۔ وہ کہتا رہا کہ جو لوگ 3 سو ارب ڈالر لوٹ کر ملک سے باہر لے گئے انہیں واپس پاکستان لاؤں گا، بتاؤ! کیا ایک پائی بھی واپس ملک میں آئی؟۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اتوار کو فیصل آباد بائی پاس سے موٹر وے ایم 3 براستہ ستیانہ تک سڑک کو دو رویا کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کیا

ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے

 شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس قلیل مدت میں ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں ہم پر اعتماد کیا گیا تو کشکول توڑ کر اس کے حصے کر کے بنی گالہ کے آس پاس پہنچا دیں گے۔ یہ سب کچھ جادو ٹونے، لالٹین جلانے سے نہیں ہوگا بل کہ نواز شریف کی قیادت میں ہوگا۔

سابقہ حکمران نے 190 ملین کا فراڈ کر کے پیسے جیب میں ڈال لیے

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران نے 190 ملین کا فراڈ کر کے پیسے جیب میں ڈال لیے،ہماری معیشت راکٹ کی طرح اوپر جا رہی تھی کہ ایک ایسے شخص کو اقتدار سونپا گیا جس نے سب کچھ برباد کر دیا، اس کا دعویٰ تھا کہ وہ لوٹی ہوئی دولت واپس پاکستان لائے گا، لیکن 190 ملین 50 ارب روپیہ قومی خزانے میں کیوں نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے جن کی گردن میں سریا اور تکبر ہے ان کی بات سننی ہے تو پھر اس ملک کا خدا ہی حافظ۔ ۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مولانا اسد محمود نے اتوار کو فیصل آباد بائی پاس سے موٹر وے ایم 3 براستہ ستیانہ تک سڑک کو دو رویا کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کیا

باتیں کرنے کا نہیں کام کرنے کا وقت ہے

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے بہروپیے پتا نہیں کیا کیا باتیں کرتے رہے۔ سابق حکمران 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں کر سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اب باتیں کرنے کا نہیں کام کرنے کا وقت ہے، نواز شریف آئندہ ملک کے وزیر اعظم ہوں گے میں ان کی قیادت میں ایک کارکن کی طرح کام کروں گا۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ اقتدار ن لیگ کو ملا تو آئندہ 10 سالوں میں ملک کی معیشت بھارتی معیشت سے ٹکر لے گی۔

معیشت کو بھارت کی معیشت کے برابر لے آئیں گے

شہباز شریف نے کہا کہ ہم 10 سالوں میں ملک کی معیشت کو بھارت کی معیشت کے برابر لے آئیں گے، اب اٹھیں اور نواز شریف کا ساتھ دیں۔ یہ سب کچھ بہت پہلے ہو چکا ہوتا اگر سازشی ٹولہ نواز شریف پر بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں نا اہل نا کرتا تو۔ ہم آئندہ قوم کو قابل فخر بنائیں گے۔

سابق حکمران ملک کو ڈیفالٹ کرنے والے تھے

انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات قوم کے سامنے ہیں، ملک کو مشکل ترین حالات سے نکال کر اپنے پاؤں کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سابق حکمران ملک کو ڈیفالٹ کرنے والے تھے، اب ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی نشان نہیں ہے۔

تقریب سے وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مولانا اسد محمود اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی خطاب کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp