سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘نےنئی پابندیوں کا اعلان کیا جن میں سب سے اہم غیر تصدیق شدہ صارفین کو براہ راست پیغامات بھیجنے کی روزانہ کی حد مقرر کی جائے گی۔
ٹوئٹر نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ وہ غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بھیجے جانے والے براہ راست پیغامات کی تعداد پر روزانہ کی حد مقرر کرے گا، تاکہ ٹوئٹر پر آنے والے اسپام پیغامات کو کم کیا جا سکے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اب ٹوئٹر غیر مصدقہ صارفین کو پیغام رسانی کی تعداد کے لیے محدود اجازت دے گا جب کہ بلا روک ٹوک پیغام رسانی کے لیے ’ٹوئٹر بلیو‘ کے لیے سائن اپ کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے ’ٹوئٹر سپورٹ‘ پیغام میں کہا کہ ’ہم جلد ہی براہ راست پیغام رسانی میں اسپام کو کم کرنے کی اپنی کوششوں میں کچھ تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اب غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس میں پیغام رسانی کی روزانہ کی بیناد پر حد مقرر ہوگی کہ وہ روزانہ کتنے پیغام بھیج سکتے ہیں۔
ٹوئٹر کی طرف سے اس اعلان کے بعد صارفین ٹوئٹر کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ایسی پابندیوں کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ٹوئٹر ایسا محض اس لیے کر رہا ہے کہ وہ صارفین کو ’ٹوئٹر بلیو‘ کی طرف لے آئے جس کا آپشن استعمال کرنے کے لیے آپ کو ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پاپندیاں ’ٹویٹر بلیو‘ سے زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی ایک اور کوشش ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ٹوئٹر نے ‘عارضی طور پر’ غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو روزانہ 800 پوسٹس پڑھنے اور نئے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو روزانہ 400 تک پوسٹیں کرنے اور پڑھنے تک محدود کردیا تھا جبکہ تصدیق شدہ صارفین کو روزانہ 8 ہزار پوسٹس دیکھنے اور بھیجنے کی اجازت دی گئی تھی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ‘ڈیٹا سکریپنگ کی بلند سطح’ کو کم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ تاہم ٹوئٹر سپورٹ کا کہنا ہے کہ ان کے انسداد اسپام اقدامات اب تک کامیاب رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ڈائریکٹ میسجنگ ان باکس کو صرف تصدیق شدہ صارفین تک محدود کرنے سے اسپام کو 70 فیصد تک کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ایلون مسک کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ٹوئٹر میں کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ان میں سب سے پہلے اقدامات کے طور پر ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ’بلیو ٹوئٹر‘ کا آپشن دیا جسے آپ 8 ڈالر ماہانہ سے خرید سکتے ہیں۔