ایمرجنگ ایشیا کپ پھر پاکستان کے نام، شاہینوں نے بھارت کو دھول چٹا دی

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت 128 رنز سے شکست دے کر پھر ٹائٹل جیت لیا۔ مین آف دی میچ طیب طاہر کے نام رہا۔

بھارت نے پاکستان کے 353 رنزکے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ایک موقع پر ایسا لگا کہ بھارتی بلے باز پاکستانی بولرز پر حاوی ہو رہے ہیں۔

بھارت کے اوپنرز بی سائی سدھارسن اور ابھیشیک شرما کی جوڑی نے 90 رنز سکول کیے، اس میں بی سائی سدھارسن نے 28 گیندوں پر 29 سکور کیے انہیں ارشد اقبال کی گیند پر کپتان محمد حارث نے کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ابھیشیک شرما نے 51 گیندوں پر 61 رنز سکور کیے، ابھیشیک شرما کو پاکستانی اسپنر سفیان مقیم کی گیند پر طیب طاہر نے کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت کی طرف سے نکین جوس نے 11 ، یش دھول نے 39 ، نشانت سندھو نے 10 ریان پراگ نے 14 ہرشت رانا نے 13 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے سفیان مقیم نے اپنے 10 اوورز میں 66 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مہران ممتاز ارشد اقبال اور محمد وسیم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسی طرح مبشر خان نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد کوئی بھی بھارتی بلے باز پاکستان کے باؤلروں کی نپی تلی بولنگ کے سامنے نہ ٹک سکا اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 39.5 اورز میں 224 رنز سکور کر کے آوٹ ہو گئی اور پاکستان نے یہ فائنل میچ با آسانی جیت لیا۔

سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اے نے بھارت کو جیت کے لیےمقرہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز کا ہدف دیا۔ مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوا۔

https://twitter.com/Rnawaz31888/status/1683141888977559553

پاکستان ایک وقت صرف 187 رنز پر 5 وکٹوں کے نقصان پر غیر یقینی کی صورتحال سے دو چار ہو گیا تھا لیکن طیب طاہر نے بھارتی باؤلرز کی ایک نا چلنے دی اور 12 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے صرف 71 گیندوں پر 108 رنز بنا ڈالے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 152.11 رہا ۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 62 گیندوں پر 65 اور صائم ایوب نے 51 گیندوں پر 59 رنز بنائے، انہوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز بنائے تاہم بھارتی باؤلرز نے درمیانی اوورز میں پاکستان کی تیزی سے وکٹیں گرانا شروع کر دیں۔

پاکستانی بلے باز طیب طاہر نے مبشر خان جنہوں نے 35 رنز بنائے کے ساتھ مل کر 98 گیندوں پر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز کا اضافہ کیا۔

بھارت کی جانب سے راج وردھن ہنگرگیکر اور ریان پراگ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انڈیا اے نے پاکستان اے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم ہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی تاہم پاکستان نے ایک تبدیلی کی جس میں عماد بٹ کی جگہ مہران ممتاز کو شامل کیا گیا اور انہوں نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، یہ تبدیلی درست ثابت ہوئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا جیت پر ٹیم کو زبردست خراج تحسین

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان شاہینز کو ایشیا کپ جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ محمد حارث کی قیادت میں شاہینوں نے غیر معمولی صلاحیتوں، ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے جب شاہینوں نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، اس سے قبل 2019 کے ایڈیشن میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان شاہینز کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے دوران ان کے غیر متزلزل جذبے اور شاندار صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا یہ کھلاڑیوں کی لگن اور سخت محنت ہی ہے جس کے نتیجے میں انہیں فتح حاصل ہوئی۔

اپنے تہنیتی پیغام میں ذکا اشرف نے کہا کہ یہ فتح ہمارے نوجوان کرکٹرز کے بے پناہ ٹیلنٹ اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان شاہینز نے ایک بار پھر اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے ان کی کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔ محمد حارث کی قیادت میں یہ یہ ٹیم فتح حاصل کرنے کی مستحق تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں ان کھلاڑیوں کی تربیت اور رہنمائی میں ٹیم مینجمنٹ کے اہم کردار کا بھی اعتراف کرنا چاہتا ہوں جس سے وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی حقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی کاؤشوں نے بلاشبہ اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

“اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ براعظم بھر سے ابھرتے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کی شناخت اور تربیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔ اس باوقار ٹورنامنٹ میں شاہینوں کی کامیابی نے نہ صرف ملک کی کرکٹ کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے بلکہ ملک کے کرکٹ میں ٹیلنٹ کو ابھارنے میں بھی مدد دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پی سی بی نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp