کولمبو ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 166 رنز پر آؤٹ کرکے 2 وکٹوں پر 154 رنز بنالیے

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 166 رنز پر آؤٹ کردیا جب کہ جواب میں کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے۔

قومی ٹیم نے کولمبو میں ہونے والے میچ کے پہلے ہی روز سری لنکا کی پوری ٹیم آؤٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق 13 کے اسکور پر صرف 6 رنز بنا کر اسیتھا فرنانڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد عبداللہ شفیق اور شان مسعود اچھا کھیلتے ہوئے 108 رنز کی پارٹنرشپ کی اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ شان مسعود نے 47 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسیتھا فرنانڈو کی دوسری وکٹ بن گئے۔ عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کے لیے کپتان بابراعظم میدان میں اترے اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

پہلے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 145 رنز بنائے تھے اور سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 21 رنز درکار تھے۔ عبداللہ شفیق 74 اور کپتان بابر اعظم 8 رنز بنا کر وکٹ میں موجود تھے۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ کے پہلے روز ہی سری لنکا کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، جبکہ سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں صرف 166 رنز بنا سکی، ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شان مسعود نے سری لنکن اوپنرنشان مدوشکا کو رن آؤٹ کیا، ساتویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے کوشال مینڈس کی وکٹ لی اور نسیم شاہ نے 12ویں اوور کے دوران اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی چوتھی وکٹ دیموتھ کورنارتنے کی  گری جسکو 14ویں اوور کی پہلی بال پر نسیم شاہ نے بولڈ کیا، دنیش چندی مل بھی 34 رنز بنا کر نسیم کی گینڈ پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دھننجایا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے جبکہ سدھیرا سمراوکرما بھی ابرار احمد کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پرابتھ جے سوریا کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا، شان مسعود میں اس اننگز میں دو ران آؤٹ کیے ہیں۔

ابرار احمد کے ہاتھوں رمیش مینڈس اور اسیتھا فرنینڈو بھی آؤٹ ہوئے، مجموعی طور پر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا، سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کپتان بابر اعظم کی جانب سے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کے مطابق ان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یاد رہے قومی ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان اپنے دوسرے میچ کو جیت کر یا ڈرا کرکے سیریز اپنے نام کرسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp