نگراں وزیراعظم کے حوالے سے خبریں غلط ہیں، اب تک کوئی نام فائنل نہیں ہوا، شیری رحمٰن

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے کسی سے کوئی معاہدہ یا نام فائنل نہیں ہوا۔ اتوار کو ایک ’فیک نیوز‘ کے ذریعے کسی کو نگران وزیر اعظم کا تاج پہنایا گیا، یہ سب بے بنیاد اور جعلی خبریں ہیں، پیپلز پارٹی نے کسی کی حمایت نہیں کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کی سینئر راہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ اقتصادی حالات کے ساتھ ہے۔ نگران وزیر اعظم پر اتفاق رائے کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، پیپلز پارٹی کا کسی کے ساتھ کوئی معاہدہ ہوا نا کوئی نام تجویز کیا، اس پر جو بھی ہو گا تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہو گا۔

بااختیار نگران وزیر اعظم کے لیے الیکشن ایکٹ میں ترمیم ہو سکتی ہے: شیری رحمٰن

نگران وزیر اعظم کے اختیارات کے حوالے سے آئینی ترمیم کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیری رحمٰن نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم پر مشاورت ہو رہی ہے اس میں صرف نگران وزیر اعظم کے اختیارات کی ہی بات نہیں دیگر ترامیم  بھی کی جا سکتی ہیں۔جو بھی ہو گا سب کی مشاورت سے ہوگا، کوئی بھی انفرادی فیصلہ نہیں ہوگا۔

نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے 3 رکنی کمیٹی بن چکی ہے: فیصل کریم

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے 3 رکنی کمیٹی بن چکی ہے، اس میں مکمل مشاورت ہو گی، مشاورت سے جو بھی نام سامنے آیا، سب کو بتا دیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اتوار کو باتیں ہو رہی تھیں، تمام میڈیا پر پھیلایا گیا کہ نگران وزیر اعظم کا نام سامنے آ گیا ہے اور اس پر پیپلز پارٹی نے بھی اتفاق کر لیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے پاس کسی نے اسحاق ڈار کا نام نہیں بھیجا: فیصل کریم

انہوں نے کہا کہ یہ خبر مکمل بے بنیاد اور جعلی خبر ہے پیپلز پارٹی کے پاس کسی نے اسحاق ڈار کا نام نہیں بھیجا نا ہی اس حوالے سے کوئی مشاورت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے 3 رکنی کمیٹی بن چکی ہے جس میں بھرپور مشاورت کے بعد جو بھی نام سامنے آ ئے گا، پیپلز پارٹی اس کی حمایت اور تائید کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والے ماضی میں بھی ایسا کرتے رہے ہیں، حتیٰ کہ دوبئی میں ہونے والے نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کے بھی اصل حقائق آج تک سامنے نہیں آئے، اس ملاقات کے بارے میں بھی جعلی خبریں پھیلائی گئیں۔

نگران وزیر اعظم کے لیے 3 ناموں پر مشاورت ہوگی: فیصل کریم

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے لیے اتفاق رائے ہونا ضروری ہے، مسلم لیگ ن کے پاس اختیار ہے ، ہمارے پاس بھی ہے کہ ہم بھی نگران وزیر اعظم کے لیے اپنا نام پیش کریں۔ اس طرح 3 نام فائنل کیے جائیں گے پھر اس پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کی جائے گی، مشاورت مکمل ہونے کے بعد ہی نگران وزیر اعظم کے لیے نام پیش کیا جائے گا۔

الیکشن میں کسی قیمت تاخیر نہیں چاہتے: فیصل کریم

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف اٹل ہے کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے اور اس کے بعد 60 دن کے اندر اندر انتخابی عمل مکمل ہو، ہم الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں چاہتے۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں جانے کی بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھاکہ اگر کوئی چاہتا ہے کہ الیکشن 90 دن میں ہوں تو اس کی بھی آئین میں گنجائش ہے، ایسا ہو سکتا ہے۔ مردم شماری کے حوالے سے جہاں دیگر جماعتوں کے تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی کے بھی اس پر تحفظات ہیں۔ لیکن ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن مردم شماری کی وجہ سے متاثر نہ ہوں اور ان میں تاخیر نہ ہو۔

فیصل کریم کنڈی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے جن ملازمین کی پروموشن ہونی تھی ہم نے کر دی ہے، ہر وزارت اپنی مدت پوری ہونے پر اپنی کارکردگی پر بریفنگ دے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں پر مانیٹرنگ کے لیے چترال جانا تھا لیکن نہیں جا سکے ابھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

سندھ حکومت نے 5 ہزار خواتین کو مالکانہ حقوق دیے: فیصل کریم

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 5 ہزار خواتین کو مالکانہ حقوق دیے ہیں، 20 لاکھ کا ہمارا ٹارگٹ ہے، اگر خیبر پختونخوا یا پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوتی ہم وہاں بھی بے سہارا اور نادار لوگوں کو مالکانہ حقوق دیتے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جا رہے ہیں جس طرح سندھ کا کیس لڑا باقی صوبوں کے لیے بھی لڑیں گے۔ ماضی میں 50 لاکھ گھر دینے کے وعدے پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ محرالحرام میں امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہمارے امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp