الیکشن کمیشن کا عمران خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم، بنی گالہ پر وارنٹ موصول

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے قابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عمران خان کو منگل کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جب کہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ او) بنی گالہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائش گاہ پہنچ کرالیکشن کمیشن کے ورانٹ گرفتاری وصول کرودیا ہے۔

محمد ارشد ڈائریکٹر جنرل آف لا کے دستخطوں سے جاری کیے گئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ’ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کے الیکشن کمشنرآف پاکستان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کا استعمال کرنے اوربار بار طلبی کے باوجود الیکشن کمیشن میں حاضر نہ ہونے پر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جار رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے نام جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ساکن بنی گالہ موہڑہ نور، اسلام آباد اور مکان نمبر 2 زمان پارک لاہور الیکشن ایکٹ 2017 اور اس کی سیکشن 10 کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمیشن کو مطلوب ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو الیکشن ایکٹ اوراس کے دیگرقوائد کے مطابق قابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود 16 جنوری 2023 اور 2 مارچ 2023 کو طلب کیا گیا لیکن انہیں حاضر نہیں کیا گیا۔

ورانٹ گرفتاری میں مزید کہا گیا ہے کہ بار بار نوٹسز جاری کرنے کے باوجود حاضر نہ ہونے پر الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 4 (2) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ورانٹ گرفتاری میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نیازی الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ہاؤس نمبر 2 کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہا۔

عمران خان نے الیکشن ایکٹ 2017 اور اس کی دفعہ 10 کے تحت ان کے خلاف شروع کی گئی الیکشن کمیشن کی کارروائی کی توہین کی ہے۔ اس لیے کمیشن انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو عمران خان ساکن بنی گالہ اور زمان پارک لاہور کوگرفتار کر کے 25 جولائی صبح 10 بجے کمیشن آف پاکستان کے سامنے پیش کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر( ایس ایچ او) بنی گالہ سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل محمد علی ایڈووکیٹ نے وارنٹ گرفتاری وصول کر لیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر( ایس ایچ او) بنی گالہ نے وارنٹ گرفتاری رات 8 بجے وصول کروائے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکم ہے کہ عمران خان کو منگل کی صبح 10 بجے گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سربراہ عمران خان، سابق سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمراور دیگر رہنماؤں کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے انہیں متعدد نوٹسز جاری کیے، جن میں انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کے لیے کہا جاتا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp