ہم ملک میں جدید فارم بنائیں گے جن سے چھوٹے کسانوں کو فائدہ ہوگا، جنرل عاصم منیر

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم ملک میں ’ماڈل ایگریکلچر فارم‘کی طرز کے جدید فارم بنائیں گے جن سے چھوٹے کسانوں کو فائدہ ہوگا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر دم لیں گے۔

پیر کو خانیوال میں ’ماڈل ایگریکلچر فارم‘  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سپاہ سالارنے کہا کہ فوج عوام سے اور عوام فوج سے ہے، پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ جب بھی وطن عزیز پر کوئی مشکل وقت آیا تو افواج پاکستان نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا، اس وقت ملک مختلف بحرانوں میں گِرا ہوا ہے لیکن افواج پاکستان نے عزم اور فیصلہ کیا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ہی دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام غیرت مند، غیور اور باصلاحیت قوم ہیں۔ تمام پاکستانیوں نے بھکاری والا کشکول اُٹھا کر باہر پھینکنا ہے۔ اللہ تعالٰی نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں ان نعمتوں سے استفادہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ہم اس میں زرعی انقلاب لا کر رہیں گے۔ ان شا اللہ

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ملک میں ’ماڈل ایگریکلچر فارم‘کی طرز کے جدید فارم بنائیں گے جن سے چھوٹے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور گرین انیشیٹووکا یہ دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، عوام اور ریاست کا رشتہ محبت اوراحترام کا ہے۔ سیکیورٹی اورمعیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ سیکیورٹی کے بغیرمعیشت اور معیشت کے بغیر سیکیورٹی نا ممکن ہے اس لیے یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے ناگزیر اور لازم و ملزوم ہیں۔

آرمی چیف نے شرکاءِ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کا ایک شعرپڑھ کرملک و ملت کے ہر فرد کی ملکی ترقی میں اہمیت کی ضرورت پر زور دیا ۔

آرمی چیف نے علامہ اقبال کا یہ شعرپڑھا:

افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر

ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp