وزیر اعظم شہباز شریف نے باب پاکستان اور والٹن روڈ توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 11 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو پاکستان کے قیام کی تاریخ بتائے گا۔ یہ تاریخی مقام بھارت سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

شہبازشریف نے کہا 1991ء میں نواز شریف نے باب پاکستان منصوبے پرکام شروع کیا تھا۔منصوبے کو جان بوجھ کر التوا میں رکھا گیا۔اس سے منصوبے کی لاگت بڑھی۔ نیب کو یہ منصوبہ التواء میں رکھنے والے کیوں نظر نہیں آتے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا 24 ارب کی لاگت سے منصوبہ شروع ہوگا۔ نامکمل منصوبے پر 110 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ سرکار کا ایک پیسہ نہیں لگے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ باب پاکستان میں درآمدی ماربل نہیں لگے گا۔ باب پاکستان یاد گار میں پاکستان کا اپنا ماربل لگے گا۔ باب پاکستان میں عوام کے لیے کھیل کی سہولیات بھی ہوں گی۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے ہر دور میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کے دور میں سڑکوں اور پارکوں کے منصوبے بنے۔ والٹن میں تاریخی یادگار کا خواب غلام حیدر وائین نے دیکھا تھا ۔

 

بابِ پاکستان ہمیں 1947ء میں مہاجرین کی یاد دلاتا ہے جہاں قیام پاکستان کے وقت ہجرت کر کے آنے والے مہاجرین کا سب سے بڑا پڑاو ڈالا گیا تھا ۔

13 فروری 1985ء کو ضیاالحق نے یہاں مہاجرین کی یاد میں ایک ہال، لائبریری اور پارک بنانے کی منظوری دی تھی۔منصوبے کے لیے 75 ایکڑ اراضی فراہم کی گئی۔

2006 میں جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈیزائن میں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ عمل درآمد شروع ہوا۔ 35 سے 40 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا۔
نئے ڈیزائن کے مطابق بابِ پاکستان 110 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوگا، جبکہ یادگار کی بلندی 150 فٹ ہوگی۔

85 کنال پر مشتمل تاریخی علمی پارک، لائبریری، آڈیٹوریم، پلے لینڈ، جمنازیم، کینٹین، جھیل، واکنگ اور بائیک ٹریک، سروس اینڈ ایڈمنسٹریشن بلاک، شاپنگ کمپلیکس، ریسٹورنٹ، کمپیوٹر لیب اور ورکشاپ کے علاوہ اوپن ایئر تھیٹر بھی ہوگا۔

پرویز مشرف کی حکومت 2008 میں ختم ہوتے ہی یہ منصوبہ پھر تعطل کا شکار ہوگیا جبکہ اس پر کروڑوں روپے خرچ بھی ہوچکے تھے۔

2013 میں مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا تو اپنے حلقہ انتخاب میں بننے والے منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کوششیں کیں جو کامیاب نہ ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp