راجستھان سے دیر کی یاترا کامیاب، انجو کا فیس بک دوست نصراللہ سے نکاح ہوگیا

منگل 25 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محبت کی خاطر بھارت سے پاکستان آنے والی انجو نے دیر بالا کے رہائشی نصراللہ سے نکاح کرلیا۔ وہ عیسائیت چھوڑ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔

واضح رہے کہ  انجو اور پاکستانی نوجوان نصراللہ کی فیس بک پر دوستی ہوئی تھی جو محبت میں بدل گئی جس کے بعد انجو اپنے مطلوب کے گھر واقع کلشو دیر بالا پہنچ گئیں۔ انجو کی شادی سنہ 2007 میں اروند نامی شخص سے ہوئی تھی جن سے ان کے 2 بچے بھی ہیں۔ وہ بھارت میں ایک نجی کمپنی میں ملازم ہیں اور 21 جولائی کو اہل خانہ کو بتائے بغیر پاکستان کے سفر پر روانہ ہوگئی تھیں۔ ان کے شوہر کے مطابق انہیں انجو کے ارادے اور پاکستان جانے کا کوئی علم نہیں تھا۔

نکاح سے قبل انجو نے کرسچن مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا جس کے بعد ان کا نکاح نصراللہ سے ہوگیا۔ ان کا حق مہر 10 تولہ سونا رکھا گیا ہے۔ دیر پولیس کے ایک افسر نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے وی نیوز کو بتایا کہ انجو کا اسلامی نام فاطمہ رکھا گیا ہے۔

یہ نوبیاہتا جوڑا پولیس کی سیکیورٹی میں ضلعی عدالت پہنچا اور مجسٹریٹ کے سامنے بیان حلفی جمع کروایا۔

نوبیاہتا جوڑے کی سیاحتی مقامات کی سیر، حسین لمحات کیمرے میں قید

عدالت میں نکاح کے بعد نوبیاہتا جوڑا دیر کے سیاحتی مقامات کی سیر پر نکل گیا اور مختلف مقامات پر وقت گزرا۔ فاطمہ اور نصر اللہ دیر بالا میں لواری ٹنل تک گئے۔ انہوں نے ان حسین لمحات کو یادگار بنانے کے لیے تصایر بھی لیں۔ اس موقع پر ان کی سکیورٹی پر مامور پولیس ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون کے ویزے کی میعاد 21 اگست کو ختم ہوجائے گی۔ 35 سالہ انجو کا تعلق راجستھان سے ہے۔ وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئیں اور نصر اللہ کے گھر دیر پہنچیں۔ پولیس نے خاتون اور ان کے پاکستانی میزبانوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔

خاتون 21 اگست سے پہلے واپس چلی جائیں گی، پولیس

دیر پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون 30 روزہ وزٹ ویزے پر پاکستان آئی ہیں اور ویزے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے انہیں بھارت واپس لوٹ جانا ہوگا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر دیر مشتاق خان نے وی نیوز کو بتایا تھا کہ جب تک انجو قانونی طور پر دیر میں ہوں گی ان کی سکیورٹی کا خیال رکھا جائے گا۔

مشتاق خان نے مزید بتایا تھا کہ انجو کو 21 اگست سے پہلے واپس جانا ہوگا تاہم ان کی پاکستان میں موجودگی تک مکمل پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp