ہیکرز واٹس ایپ کیسے ہیک کرتے ہیں؟

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہیکنگ کا لفظ تو آپ نے سنا ہی ہو گا مگر سوال یہ ہے کہ یہ ہیکرز لوگوں کا ڈیٹا ہیک کیسے کر لیتے ہیں؟ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ آج انٹرنیٹ کا دور ہے اور ہر کوئی فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ اور دیگر بہت سی سوشل سائٹ استعمال کر رہا ہے۔ ایسے میں انٹرنیٹ صارفین کا اپنا ڈیٹا محفوظ رکھنا بھی ایک چیلینج بن چکا ہے  کیوں کہ ان کا ڈیٹا ہیک ہونے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔

ہیکر ہیکنگ کے لیے عام طور پر مختلف قسم کے وائرس کا استعمال کرتے ہیں اور پھر نہ صرف کمپیوٹر اور فون میں موجود ڈیٹا ہیک کر لیتے ہیں بلکہ صارفین کے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر اہم معلومات بھی چوری کر لیتے ہیں۔

لوگوں کو لگتا ہے کہ ہیکرز وہ شخص ہوتا ہے جو کمپیوٹر پاسپورڈ، کریڈٹ کارڈز اور لوگوں کی ذاتی انفارمیشن چوری کر لیتا ہے، لیکن اب ہیکرز کا انداز بدل گیا ہے، ہیکرز اب صارفین کے سوشل اکاؤنٹس ہیک کر کے ان کی نجی تصاویر اور ویڈیو بھی چوری کر لیتے ہیں جن کے ذریعے صارفین کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔

ہیکرز کس طرح آپ کی معلومات تک پہنچتے ہیں؟

آج کل ہیکرز سوشل میڈٰیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں، مثلا آپ کو مختلف قسم کی انعامی اسکیموں کا لالچ دیا جاتا ہے اور اس کے لیے فیس بک پر مختلف قسم کے اشتہار دیے جاتے ہیں، آج کل مختلف واٹس ایپ گروپس میں بھی ایسی انعامی اسکیموں کی تشہیر کی جاتی ہے۔

صارفین جب معلومات حاصل کرنے کے لیے جب ان اشہاروں کے لنک پر کلک کرتے ہیں تو ان سے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز قبول کرنے اور ان کی سیٹنگ تبدیل کرنے کی اجازت طلب کی جاتی ہے، کچھ لوگ بغیر سوچے سمجھے اوکے کردیتے ہیں جب کہ حقیقت میں وائرس صارفین کی ویڈیو تک رسائی دینے کے بہانے ان کے سسٹم اور اکاؤنٹس تک رسائی کے لیے ان سے اجازت مانگتا ہے۔

صارفین جب ان سیٹنگز کو اوکے کر دیتے ہیں تو صارفین کا سارا ڈیٹا ان ہیکرز کے پاس پہنچ جاتا ہے، اس کے علاوہ فیس بک پر آج کل ایسی ایپس زیر گردش ہیں جو آپ کو بتاتی ہیں کہ آپ بچپن میں کیسے تھے، آپ بڑھاپے میں کیسے لگ رہے ہوں گے، آپ کی شکل کس اداکار سے ملتی ہے، ان ایپ پر کلک کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے ہیکرز کو اپنے ڈیٹا تک رسائی کی اجازت دے دی ہے۔

واٹس ایپ ڈیٹا کیسے ہیک ہوتا ہے؟

واٹس ایپ ڈیٹا عام طور پر ہیک نہیں ہوتا لیکن اب جدید دود میں نوسر باز بھی جدید ہو گئے ہیں اور شہریوں کے واٹس ایپ ہیک کر کے ان کو بلیک میل کرنے کا رواج چل پڑا ہے۔

بھارت کے شہر کولکتہ کی پولیس نے شہریوں کو ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نوسر باز  کس طرح واٹس ایپ ہیکر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایڈوائزری شہر کے ایک طالب علم اور تاجر کی شکایت کے بعد جاری کی گئی جس کا آغاز فیس بک سے ہوا۔

بھارت میں ہونے والے حالیہ واقعے میں نوسر بازوں نے یوگا کلاسز چلانے کے بہانے صارفین کا واٹس ایپ ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی۔

عالمی یوم یوگا کے موقع پر بھارت متعدد  کیسز رپورٹ ہوئے کہ نوسر باز متاثرین کی رابطہ فہرست میں شامل لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے ان کی طرف سے منعقد کی جانے والی یوگا کلاسز میں شامل ہونے کو کہتے ہیں، جس کے لیے ایک لنک بھیجا جاتا ہے اور وصول کنندہ سے  لنک کو کلک کرنے کو کہا جاتا ہے جس کے  بعد  صارف کےروابط سے چھ ہندسوں کا  کوڈ شیئر  کرنے کو کہا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق  ایک بار لنک پر کلک کرنے اور او ٹی پی  حاصل کرنے کے بعد ملزم دوسرے فون سے صارف کا واٹس ایپ نمبر استعمال کر سکتا ہے اور اس طرح صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ جس کے بعد ملزمان متاثرہ  صارف کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم کا تقاضا کرتے ہیں ۔

 یہی نہیں بلکہ نوسر ہیک کیے گئے اکاؤنٹ کو مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں، کئی کیسز میں  ملزمان نے متاثرین کو کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی واپس دینے کے  لیے بھتہ  بھی وصول کیا۔

کولکتہ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا کہ اگر آپ کو اس قسم کا پیغام موصول ہوتا ہے اور اگر آپ کے واٹس ایپ رابطوں کی فہرست میں موجود کوئی شخص آپ سے اسے فارورڈ کرنے کو کہے تو ایسا ہر گز مت کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp