’ جہاز ایپل نے بنایا ہے اس لیے ونڈو نہیں‘ برٹش ایئرویز کی بنا کھڑکی کے نشست

ہفتہ 11 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سفر کے دوران عموما مسافروں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کو کھڑکی والی سیٹ ملے تاکہ وہ سفر کے دوران باہر کے نظاروں سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اب سفر چاہے ٹرین کا ہو یا جہاز کا ترجیح ہمیشہ کھڑکی والی نشست کو ہی دی جاتی ہے اور بعض اوقات مسافر اپنی مطلوبہ ونڈو سیٹ حاصل کرنے کے لیے اضافی رقم بھی ادا کرتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ انیردھ مٹل نامی مسافر نے کیا جب اس نے برٹش ایئرویز سے فلائٹ بک کروائی۔ اس شخص نے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر اترتے وقت ایک خوبصورت منظر دیکھنے کے لیے برٹش ایئرویز کی پرواز میں دائیں طرف والی کھڑکی والی سیٹ کے لیے اضافی رقم ادا کی۔ تاہم، جب وہ ہوائی جہاز میں سوار ہوا تو وہ مایوس ہو گیا۔

اپنی مایوسی کی وجہ بیان کرتے ہوئے انیردھ مٹل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے دائیں طرف والی کھڑکی والی سیٹ کے لیے اضافی رقم ادا کی کیونکہ جب آپ ہیتھرو میں اترتے ہیں تو یہ خوبصورت منظر قابل دید ہوتا ہے۔برٹش ایئر ویز میری کھڑکی کہاں ہے؟

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیٹ کے ساتھ کوئی کھڑکی نہیں ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ٹویٹ وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے جہاں طنز ومزاح سے بھرپور تبصرے کیے وہی کچھ صارفین نے اپنے اسی طرح کے تجربات شیئر کیے۔

گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا یہ جہاز ایپل نے بنایا ہے اس لیے اس میں ونڈو نہیں ہے۔

اسی حوالے سے ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے یہ کھڑکی کھولنے کی کوشش کی ہوگی اسی لیے انہوں نے مستقل طور پر بند کردی ہوگی

طنزو مزاح کرنے والوں کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے لوگ بھی تھے جنہوں نے فوٹوشاپ کے ذریعے اس سیٹ کے ساتھ کھڑکی بنا ڈالی۔ ایک صارف نے فوٹوشاپ کی ہوئی کھڑکی کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا یہ لیں میں نے آپکا مسلہ حل کردیا۔

گفتگو آگے بڑھی تو بہت سے صارفین ایسے بھی تھے جو بلکل ایسی ہی صورتحال سے گزر چکے تھے ، ایک صارف نے لکھا میں آپکا دکھ محسوس کر سکتی ہوں

صارفین کا کہنا تھا کہ اگر مسافر نے زائد رقم ادا کی ہے تو اس کو مطلوبہ سیٹ ملنی چاہیے تھی۔ ائیرلائن کو چاہئے کہ پسنجر سے معافی مانگے اور اور انھیں زائد رقم واپس ادا کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp