عالمی شہرت یافتہ نومسلم گلوکارہ سینیڈ او کونر انتقال کر گئیں

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئرلینڈ کی نومسلم عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شہادہ صداقت (سینیڈ او کونر) 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

آئر لینڈ کے قومی نشریاتی ادارے (آر ٹی ای) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ گانا ‘نتھنگ کمپیئرز 2 یو’ کی صورت اپنی گلو کاری کا جادو بکھیرنے والی نومسلم گلو کارہ سینیڈ او کونر انتقال کر گئیں ہیں، ان کی عمر 56 برس تھی۔

گلو کارہ سینیڈ او کونر نے 90 کی دہائی کے میں موسیقی کا آغاز کیا جب انہوں نے پاپ میوزک پرنس کے لیے پہلی بار کیمرے کے سامنے آ کر گانا گایا، اس گانے کو اب تک یوٹیوب پر تقریباً 400 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔

ان کی گلوکاری کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا تھا، آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو وراڈکر نے بھی  ٹویٹر پر ان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

گلوکارہ سینیڈ او کونر کا کیتھولک چرچ کے خلاف مؤقف

سینیڈ او کونر کیتھولک چرچ کے خلاف کھلم کھلا سخت باتیں کرتی تھیں۔ انہوں نے اکتوبر 1992 میں ٹیلی ویژن شو “سیٹر ڈے نائٹ لائیو” میں پوپ جان پال II کی تصویر پھاڑ دی تھی ، وہ چرچ میں پادریوں کی بچوں کے ساتھ بدفعلی کو چھپانے میں چرچ کے کردار کی تحقیقات کر مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

2010 میں جب پوپ بینیڈکٹ XVI نے آئرلینڈ سے کئی دہائیوں کے بدسلوکی کا کفارہ ادا کرنے کے لیے معافی مانگی تو گلوکارہ سینیڈ او کونر ایک بار پھر میدان میں آئیں اور پوپ کی معافی مانگنے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کیتھولک چرچ ماس کا بائیکاٹ کریں۔

سینیڈ او کونر نے 2018 میں اسلام قبول کر لیا

گلوکارہ سینیڈ او کونر نے 2018 میں اسلام قبول کیا اور اپنا نام بدل کر شہادہ صداقت رکھ لیا۔

ستمبر 2019 میں RTE کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’میں نے قرآن کا دوسری سورہ پڑھی اور مجھے احساس ہوا کہ  اب میں اپنے اصل مقام پر آچکی ہوں اور مجھے لگا کہ  میں نے اب تک کی ساری زندگی ایک مسلمان کی حیثیت ہی سے گزاری۔‘

’آپ اصل میں مسلمان ہوئے بغیر بھی مسلمان ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک مائینڈ سیٹ ہے۔‘

یاد رہے کہ گلوکارہ سینیڈ او کونر شادی شدہ تھیں، ان کے لواحقین میں 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp