پاکستان کی حمایت اور تعاون جاری رکھا جائے گا: سعودی سفیر

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی حمایت اور تعاون کو جاری رکھا جائے گا، اور ہم امت مسلمہ کے لیے بھی کام کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں تحریک دفاع حرمین شریفین کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواف سعید المالکی نے کہا کہ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ سعودی مملکت کے ویژن 2030 کے تحت حجاج کی خدمت کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہیں، یہ ایک مستند اور عظیم رشتہ ہے جس کی گواہی کئی دہائیوں اور سالوں نے دی ہے۔

اس موقع پر تحریک دفاع حرمین شریفین کے سربراہ ڈاکٹر علی ابو تراب نے کہا کہ پاکستان کے مشکل ترین حالات میں سعودی عرب کے برادرانہ کردار کو سراہتے ہیں۔

کانفرنس میں ڈنمارک اور سویڈن میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرار داد بھی پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر پاکستان میں مذہبی جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے علمائے کرام اور شیوخ نے سعودی عرب کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امت مسلمہ کے لیے قائدانہ کردار پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp