اصلی گراٹو جلیبی کون سی ہے؟

جمعہ 28 جولائی 2023
author image

سرفراز راجہ

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گراٹو جلیبی بلاشبہ راولپنڈی کی ایک سوغات اور پہچان ہے۔ گرما گرم ، انتہائی خستہ اور شیرے سے بھری منفرد ذائقے والی ،شاید ہی کسی دوسرے شہر میں گراٹو جلیبی یا گراٹو نام کی جلیبی دستیاب ہو۔ مری روڈ پر کمیٹی چوک کے ساتھ کئی چھوٹی چھوٹی دکانیں گراٹو کا بورڈ لگا کر دہائیوں سے جلیبیاں فروخت کررہی ہیں ان میں اصل کونسی ہے یہ ایک معمہ ہے۔ راولپنڈی شہر کے پرانے باسی بھی آج تک اس بات پر متفق نہیں ہوسکے کہ کونسی اصل گراٹو جلیبی ہے۔ یہاں جس جلیبی والے سے بھی بات کریں وہ کہیں نہ کہیں سے اپنا تعلق گراٹو شروع کرنے والے مرحوم استاد جی سے جوڑ کر یہ ثابت کردے گا کہ دراصل وہی اصل گراٹو جلیبی والا ہے۔
یہ صرف گراٹو جلیبی کا مسئلہ نہیں بلکہ بڑے شہروں میں بہت سے بلکہ اکثر کھانے پینے والے پچاس ، ستر اور سو سال سے اپنے منفرد ذائقے فروخت کرنے کا تحریری دعوی کررہے ہوتے ہیں اور پھر دکان میں کسی بزرگ کی بڑی سے تصویر لگاکر اس پچاس ، ستر اور سو سال والی بات کو حقیقت کے قریب تر لانے کی کوشش کی جاتی ہے اور اگر یہ بزرگ واقعی کوئی اس شعبے کی معروف شخصیت رہے ہوں تو پھر ان کی تصویر ہی بکتی ہے جو بھی بیچ لے۔ جیسے چکوال کی مشہور پہلوان ریوڑی ہے۔
اسی لئے دور جدید میں بن جانے والے بڑے برینڈز اپنا نام رجسٹر کروا کے اصل اور نقل والا مسئلہ حل کرلیتے ہیں اور کوئی ان کا نام استعمال کرنا چاہے تو رقم لے کر فرنچائزز دے دیتے ہیں۔ کوئی ایسا نہیں کرتا تو اپنے نام کے ساتھ یہ ضرور تحریر کردیتا ہے ، نقالوں سے ہوشیار، ہماری کوئی دوسری برانچ نہیں۔ جہاں بھی نام برانڈ بن جائے تو ایسے مسئلے ہوہی جاتے ہیں۔
سیاست کو ہی لے لیں یہاں سیاسی جماعت بنانا کوئی اتنا مشکل یا پیچیدہ کام نہیں جتنا سیاسی جماعت کا موزوں نام تلاش کرنا، الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں اس وقت لگ بھگ پونے دو سو سیاسی جماعتیں موجود ہیں تقریباً ہر قسم کے عوامی ،جمہوری اور سیاسی ناموں کے ساتھ، بہت سی تو ایک ہی نام کے ساتھ م، ن ، ش جیسے حروف تہجی لگا کر رجسٹرڈ ہیں۔ بالکل ایسے ہی جیسے گراٹو کے نام کی ساتھ کوئی اصلی گراٹو، کوئی پرانی گراٹو یا پھر کوئی دی گراٹو لگا کر دکان کھولے بیٹھا ہے۔ مسلم لیگ پاکستان کی سب سے پرانی اور بانی جماعت ہے بلکہ اس کی اصل عمر تو پاکستان سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ مسلم لیگ کے اس پرانے پرانڈ کو بھی بہت سے سیاستدانوں نے مختلف سابقوں اور لاحقوں کے ساتھ استعمال کیا اور کررہے ہیں۔
اس وقت الیکشن کمیشن کی فہرست میں درجن سے زائد مسلم لیگیں موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی دوسرا سب سے بڑا سیاسی برانڈ بنی جس کی عمر تو پچاس سال سے زیادہ ہوچکی ہے اور اب تک نصف درجن کے قریب پیپلز پارٹیاں بھی بن چکی ہیں یہاں تک کہ اس وقت سیاسی منظر نامے پر دو پیپلز پارٹیاں ایک ہی قیادت کے ساتھ موجود ہیں۔ تین پی والی پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو ہیں تو مشرف دور میں بننے والی چار پی والی ہیپلز پارٹی پارلئمنٹیرنز آصف علی زردرای کی سربراہی میں پارلیمنٹ میں موجود ہے۔ بلاول والی پیپلز پارٹی کا نشان تلوار ہے جبکہ بلاول خود آصف زردرای والی پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے تیر کے نشان پر جیت کر اسمبلی میں آئے۔
عمران خان کی تحریک انصاف کی عمر تو پیپلز پارٹی سے آدھی ،لگ بھگ پچیس سال سے کچھ زیادہ ہے لیکن اسے سیاسی برانڈ بنے گیارہ بارہ سال ہی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ایک تحریک انصاف نظریاتی سیاسی میدان میں آچکی تھی اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ پی لگا کر پارلیمنٹیرنز بھی بنادی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو نے بنائی اور آج پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز بھٹو کے نام اور نعرے کے ساتھ انتخابی سیاست میں ہے۔
مسلم لیگ آج درجن بھر ناموں کے ساتھ موجود ہے لیکن میدان سیاست میں نواز شریف کی مسلم لیگ ن ہی کئی دہائیوں سے کامیاب ہوتی چلی آرہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ عمران خان کی تحریک انصاف اپنا وجود برقرار رکھ پاتی ہے یا اس کا کوئی دھڑا اسے پیچھے چھوڑکر انتخابی سیاست میں آگے نکل جائے گا۔ راولپنڈی اندرون شہر کے ایک دوست سے ایک بار اصلی گراٹو جلیبی کے بارے پوچھا تو اس نے سادہ سی بات بتائی ،کہا جس کے پاس سب سے زیادہ رش ہوگا وہی اصلی گراٹو جلیبی ہے سیاسی جماعتوں کی بھی کچھ اصل نقل کی یہی پہچان ہے۔ جو زیادہ ووٹ لے گی وہی اصل مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ہوگی۔ اسے نام کے ساتھ یہ لکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی نقالوں سے ہوشیار، نیز ہماری کوئی دوسری برانچ نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب حکومت اور تعلیم کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق

وسط ایشیائی ریاستوں نے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، وزیراعظم پاکستان

حکومت کا بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے والے 2 ہزار سے زیادہ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ

کوپا امریکا کا بڑا اپ سیٹ، یوراگوئے نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر بھارتی کپتان روہت شرما کیا ون ڈے اور ٹیسٹ کے کپتان برقرار رہیں گے؟

ویڈیو

پنک بس سروس: اسلام آباد کی ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے لیے خوشخبری

کنوؤں اور کوئلہ کانوں میں پھنسے افراد کا سراغ لگانے کے لیے مقامی شخص کی کیمرا ڈیوائس کتنی کارگر؟

سندھ میں بہترین کام، چچا بھتیجی فیل، نصرت جاوید کا تجزیہ

کالم / تجزیہ

روس کو پاکستان سے سچا پیار ہوگیا ہے؟

مریم کیا کرے؟

4 جولائی: جب نواز شریف نے پاکستان کو ایک تباہ کن جنگ سے بچا لیا