سول جج کی بیوی کیخلاف درج مقدمہ میں اعضاء توڑنے کی دفعہ بھی شامل

جمعہ 28 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جج کی بیوی کی ہاتھوں گھریلو ملازمہ بچی پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں ایک نئی دفعہ شامل کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بحیثیت سول جج کام کرنے والے عاصم حفیظ کی بیوی کے ہاتھوں رضوانہ نامی گھریلو ملازمہ بچی پر مبینہ تشدد کی ایف آئی آر میں وحشیانہ تشدد کرکے اعضا توڑنے کی دفعہ 328 اے شامل کر لی گئی ہے۔

قبل ازیں ایف ائی آر میں لگائی گئی دفعات قابل ضمانت تھیں، دفعہ 328 اے میڈيکل رپورٹ کے تناظر میں شامل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے یہ مقدمہ صرف حبس بے جا میں رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کیا تھا۔

قانونی طور پر کمزور  ایف آئی آر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے  اسلام آباد کے سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ نے عدالت سے حفاظتی ضمانت حاصل کر لی تھی۔

واضح رہے تشدد کی شکار بچی کا معاملہ 24 جولائی کو سامنے آيا تھا، بچی کی ماں نے جج کی اہلیہ پر تشدد کا الزام لگایا تھا، جب بچی کو اسپتال پہنچایا گیا تو اس کے سر کے زخم میں کيڑے پڑ چکے تھے اور دونوں بازو ٹوٹے ہوئے تھے اور وہ خوف زدہ تھی۔

دوسری طرف اسلام پولیس نے ایک ٹوئٹ میں مطلع کیا ہے کہ ’ مضروب بچی اور اس کے والد کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے۔ ملزمہ نے یکم اگست تک ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ اسلام آباد پولیس کو مصدقہ میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔ جرم میں شریک تمام افراد کی چھان بین کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق تمام کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جارہی ہے۔ چائلڈ لیبر قانوناً جرم ہے. ایسے کسی بھی واقعہ کا کسی کو علم ہو تو پکار 15 پر پولیس کو اطلاع دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp