ایم پی اے عباس جعفری کا پی ٹی آئی سے اخراج، دیگر 8 اراکین اسمبلی کو شوکاز

ہفتہ 29 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سے خیبر تک تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ ایک جانب سابق وزیر اعلیٰ پختونخوا محمود خان سمیت کے پی سے پی ٹی آئی کے 25 اراکین کا پرویز خٹک سے جا ملنے پر پارٹی سے اخراج کر دیا گیا ہے تو دوسری جانب سینیٹ سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز کیخلاف چھان بین کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی سندھ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے عباس جعفری کو ناصرف پارٹی بدر کر دیا گیا ہے بلکہ دیگر 8 اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

ایم پی اے عباس جعفری سمیت دیگر 8 اراکین اسمبلی پر الزام ہے کہ انہوں نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیو ایم کو ووٹ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے جن اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں بلاول غفار، سید عمران علی شاہ،سنجہ گنگوانی، سچانند، رابیا اظفر، عمر عماری، محمد علی جی جی، کریم بخش گبول شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے ایم کیو ایم کے اپوزیشن لیڈر بننے پر رعنا انصار کو ووٹ دیا، تھا، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو تبدیل کیا گیا تھا۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے 8 اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کرکے تین روز میں جواب طلب کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp