سوشل میڈیا پر سستی اشیا کا جھانسا دیکر معصوم شہریوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، قمر زمان کائرہ

اتوار 30 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سستی گاڑیوں، ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کے معصوم لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔ کافی عرصے سے ایسے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ باشعور شہری کے طور پر ہمیں ایسے دھوکے بازوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے مطابق مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سستے ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کر سادہ لوح شہریوں کو دور افتادہ علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے۔ دور دراز علاقے سے کوئی آپ کو سستی چیز کا جھانسا دے تو یہ کسی صورت بھی خطرے سے خالی نہیں ہے، ایسے دھوکے میں آ کر نہ صرف فرد بلکہ پورا کا پورا خاندان ایک المیے کا شکار ہو جاتا ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ایسی قسم کا ایک جھانسا ہنی ٹریپنگ کا بھی ہے، سادہ لوح نوجوانوں کو شادی کا جھانسا دے کر دور دراز علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے، پولیس ایسے واقعات کے سدباب کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ہمارے باشعور نوجوانوں کو ایسے معاملات میں انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکیوں کو بھی بہلا پھسلا کر بلایا جاتا ہے اور شرمناک حرکات کا نشانہ بنایا جاتا ہے، بعض کیسیز میں تو لڑکیوں کی خرید وفروخت کے شرمناک واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، والدین اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ان پر نظر رکھیں، زندگی بہت قیمتی ہے اسے انجانے میں ان دھوکے بازوں کے ہاتھوں برباد مت کریں۔

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ بطور معاشرہ ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آگاہی پھلانے کی اشد ضرورت ہے، ایسے دھوکے بازوں سے متعلق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp