پاکستان منرلز سیمینار کل ہوگا، وزیراعظم اور آرمی چیف شریک ہوں گے

اتوار 30 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان منرلز سیمینار یکم اگست کو اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف مہمان خصوصی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

وزارت توانائی، پاور ڈویژن کے مطابق پاکستان منرلز سیمینار کا اولین ہدف پاکستان میں دوست ممالک کی جانب سے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔ پاکستان میں بے شمار دھاتی اور غیر دھاتی خزانے اور قدرتی وسائل کے بے پناہ ذخائر ہیں جن میں کوئلہ، سونا، تانبا، معدنی نمک، کرومائٹ، لوہا اور بہت سی دوسری معدنیات شامل ہیں۔

پاکستان معاشی پرواز کے لیے تیار ہے، منرلز کے منصوبوں پر کام کرنے والے پُر عزم

ریکوڈک اور دیگر مائن اور منرلز کے منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ حکام نے اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان معاشی پرواز کے لیے تیار ہے۔

ریکوڈک کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، بیرک مارک برسٹو

ریکوڈک اور دیگر مائن اور منرلز کے منصوبوں پر متعلقہ حکام کے اہم پیغامات میں چیف ایگزیکٹو آفیسر بیرک مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک ذخائر دنیا کے سب سے وسیع پیمانے پر دریافت کیے گئے تانبے اور سونے کے ذخائر ہیں۔ ریکوڈک منصوبے کے تحت پاکستان بالخصوص بلوچستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بے انتہا فروغ ملے گا۔

دنیا میں ایک خاموش انقلاب آ رہا ہے، مصدق ملک

وفاقی وزیر مملکت پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ یکم اگست کو اسلام آباد میں ہم معدنیات کی اہمیت اور ان کے فروغ سے متعلق سمٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں دنیا بھر بالخصوص متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے وزراء، سفراء اور سرمایہ کاروں کی شرکت ہو گی۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایک خاموش انقلاب آ رہا ہے اور اس انقلاب کا گہرا تعلق نادر اور نایاب معدنیات اور ذخائر سے منسلک ہے۔

پاکستان میں موجود معدنیات کثیر تعداد میں ہیں، مسعود نبی

منیجنگ ڈائریکٹر جی ایچ پی ایل مسعود نبی نے کہا کہ پاکستان میں موجود بیش بہا معدنیات نا صرف کثیر تعداد میں ہیں بلکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی کشش کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات کے استعمال کو صحیح طور پر بروئے کار لانے کے لیے ہم ایک تاریخی ’منرل سمٹ‘ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ سمٹ ایک بہت بہترین پلیٹ فارم ہو گا جس میں معدنی وسائل سے متعلق بات چیت بھی کی جائے گی۔

کنٹری منیجر ریکوڈک مائننگ کمپنی علی احسان نے کہا کہ حکومتِ پاکستان یکم اگست کو پاکستان منرل سمٹ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام یہ پہلا سمٹ ہے جس میں ہمارا بھر پور تعاون موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp