چیئرمین سینیٹ صادق سنجرابی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس کے مستقل ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس کے سنگ بنیاد کی تقریب ہوئی، تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، سینیٹرز، غیر ملکی سفراء اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے انٹر نیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس(آئی پی سی ) کے مستقل ہیڈ کوارٹر کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس( آئی پی سی ) کے نئے مستقل ہیڈکوارٹر کا قیام ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے، اس کے لیے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
آئی پی سی ایک اہم ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا: چیئرمین سینیٹ
انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ثابت قدمی اور مسلسل کاؤشوں کی بدولت آئی پی سی عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک اہم ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوار تے پچیکوکی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ان کے بھر پور تعاون اور دلچسپی سے نہ صرف اس مشن کو تقویت ملی بلکہ اس کی تکمیل میں بھی اہم کردارا دا کیا ہے۔
آئی پی سی کا تصور ایوان بالا سے شروع ہوا اور مختصر عرصے میں ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا جس نے اقوام عالم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مؤثر روڈ میپ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی بدولت اقوام عالم کو درپیش چیلنجز جن میں امن و امان کا قیام، معاشی استحکام کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی تغیرات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے پلیٹ فارم میسر ہوگا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی نے 50 ممالک کے 193 اراکین پارلیمنٹ کو ایک نقطہ نظر پر یکجا کیا ہوا ہے اور عالمی چیلنجز کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کے لیے کو شاں ہے۔
بین الااقوامی مکالمہ اور تعاون آئی پی سی کا بنیادی پہلو ہے: چیئرمین سینیٹ
بین الااقوامی مکالمے اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرنے میں اس کا بنیادی پہلو ہے۔ اس کی مشہور اشاعت ’دی پارلیمنٹرین‘ ہے۔ جرنل آف دی کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) بھی آئی پی سی کی تعریف کی ہے کہ یہ ادارہ قوموں کے مابین ایک پل کا کردار اد کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بامعنی گفتگو کے ذریعے کامیابی سے مسائل کے حل میں موثر پلیٹ فارم ہے۔
’آئی پی سی‘ اور ’آئی پی یو‘باہمی نقطہ نظر کا اشتراک ہے: چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’آئی پی سی‘ اور ’آئی پی یو‘ایک باہمی نقطہ نظر کا اشتراک ہے جو باہمی بات چیت، تعاون اور مشترکہ قانون سازی کی حوصلہ افزائی کے لیے امن خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیتا ہے۔
اس سے مشترکہ ذمہ داری، صنفی مساوات، قانون کی حکمرانی، سماجی و اقتصادی پیش رفت اور بہتر معیار زندگی کے لیے رہنما اصولوں کو فروغ ملتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اُمید ہے کہ آئی پی سی کا یہ نیا مستقل ہیڈ کوارٹر اقوام عالم کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے اہداف کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستان کی دنیا بھر میں امن کے فروغ کےلیے کاوشیں قابل تحسین ہیں: ڈوارتے پچیکو
آئی پی سی کے مستقل ہیڈ کوارٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے آئی پی یو کے صدر ڈوارتے پچیکو نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں آئی پی سی کا حصہ ہوں۔ہم دنیا بھر کے پارلیمنٹرینز کی نمائندگی کرتے ہیں۔پاکستان کی دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ہم سب مل کر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمبردآزما ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج آئی پی سی کے اس تقریب میں موجود ہوں۔
تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، سینیٹرز،سفراء اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
دریں اثنا آئی پی یو کے صدر نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں مزید تیزی لانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر ذیشان خانزادہ، سیکرٹری جنرل آئی پی سی ستارہ آیاز اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ اعلیٰ حکام اور آئی پی یو وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں آئی پی یو کے صدر نے سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کیا۔