آسٹریلین ساحل سمندر سے ملنے والے پر اسرار گنبد کا معمہ حل ہو گیا؟

پیر 31 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے مغربی ساحل سمندر پر ایک پراسرار ‘نامعلوم’ گنبد نما سلنڈر کی ممکنہ شناخت ہو گئی ہے، جسے بھارت کے پولر سٹیلائٹ لانچ وہیکل کے تیسرے مرحلے کا ملبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ایک چھوٹی کار کے سائز کا بارنکل سے منسلک آلہ جولائی کے وسط میں مغربی آسٹریلیا کے دارالحکومت پرتھ سے تقریباً 250 کلومیٹر (155 میل) شمال میں واقع ایک قصبے گرین ہیڈ میں ساحل سمندر پر پایا گیا تھا۔ اس پراسرار آلے نے مقامی لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی،  لوگ اس آلے کے ساتھ فوٹو بنواتے رہے۔

پر اسرار آلے کی خبر پھیلنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور یہ آلہ قبضے میں لے کر آسٹریلیا کی خلائی ایجنسی کے حوالے کر دیا تھا تاکہ اس کا معائنہ کیا جائے کہ یہ آلہ ہے کیا؟۔

اب آسٹریلیا کی خلائی ایجنسی نے ٹویٹر پر بتایا ہے کہ اس پر اسرار آلے کی پیمائش تقریباً 2 میٹر (6.6 فٹ) ہے، اس میں اوپر سے تاریں لٹک رہی ہیں۔ جو ممکنہ طور پر ہندوستان کے پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی)  کے تیسرے ایڈیشن کا ملبہ ہے۔

آسٹریلوی خلائی ایجنسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام مل کر کام کر رہے ہیں کہ اس آلے سے متعلق معلومات کی تصدیق کی جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب آسٹریلیا کی سرزمین پر کوئی خلائی راکٹ یا ٹکڑا گرا ہو، گزشتہ سال اگست میں نیو ساؤتھ ویلز میں بھی بھیڑیں چرانے والے ایک کسان کو ایلون مسک کے اسپیس ایکس مشن کا ایک جلا ہوا ٹکڑا بھی ملا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp