پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ہماری جماعت تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
پشاور میں ہونے والے کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، شمولیتی پروگرام جاری ہیں، ہم الیکشن میں دیگر پارٹیوں کے ساتھ مل کر اتحاد بھی کر سکتے ہیں۔
’پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے صوبائی دفتر کا بھی افتتاح کر دیا گیا۔ پارٹی چیئرمین پرویز خٹک نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر جھنڈا لگایا۔ وائس چیئرمین محمود خان سمیت کور کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے‘۔
مزید پڑھیں
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ انتخابات کی تیاری کے لیے 19 اگست کو نوشہرہ میں پہلا جلسہ منعقد کرکے ہم اپنی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پورے پاکستان اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے جس کے لیے ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ان کو مضبوط کرنا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے اس صوبے میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے اور آگے بھی ملک کی خدمت کے لیے بھرپور طریقے سے کردار ادا کریں گے۔
پرویز خٹک چیئرمین،محمود خان نائب چیئرمین، ضیاءاللہ بنگش سیکرٹری اطلاعات مقرر
19اگست کو نوشہرہ میں پہلا جلسہ،پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کی کور کمیٹی نے 10اضلاع میں جلسوں کی منظوری دیدی
مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، کوہستان، ہنگو، پشاور، مردان، بونیر، ایبٹ آباد جلسے کئے جائیں گے pic.twitter.com/g8EmoXuuIJ— Muhammad Faheem (@MeFaheem) August 1, 2023
پرویز خٹک کی زیر صدارت پشاور میں ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں کور کمیٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی کا چیئرمین جبکہ محمود خان کو وائس چیئرمین منتخب کیا۔ جبکہ ضیااللہ خان بنگش کو سیکریٹری اطلاعات نامزد کر دیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ میں اجلاس میں شرکت پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ہمارا اکٹھا ہونا اس بات کا امر ہے کہ ہم سب اس ملک اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں امن چاہتے ہیں اور خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر کور کمیٹی نے مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، کوہستان، ہنگو، پشاور، مردان، بونیر، ایبٹ آباد میں بھی سیاسی جلسے کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں پارٹی کے آئین، منشور اور اغراض و مقاصد کا بھی کور کمیٹی نے جائزہ لیا اور مزید کام کے لیے ٹاسک دیا گیا۔
کور کمیٹی نے اس فیصلے کی منظوری دی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کا سلوگن امن، ترقی اور خوشحالی ہوگا۔