چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی معدنی دولت کا مرکز ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں سعودی عرب کے وفد سے تبادلہ خیال کیا جس کی قیادت سعودی نائب وزیر برائے صنعت و پیداوار انجینئر خالد صالح المظفر کر رہے تھے۔
صادق سنجرانی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کان کنی کے شعبے میں سعودی عرب کی کامیابیوں اور مہارت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دورے سے باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ ہمارے تعلقات گہرے ہیں اور دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان بھائی چارہ منفرد ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرت نے صوبہ بلوچستان کو تانبا، سونا، کوئلہ، سلفر اور دیگر وسائل کے ذخائر سے نوازا ہے۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری نہ صرف سعودی سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ مند ہو گی بلکہ یہ بلوچستان اور پاکستان کی معاشی حالت اور معیار زندگی کو بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
’صوبہ بلوچستان اپنے جیو اسٹریٹجک محل وقوع اور گوادر پورٹ کی وجہ سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے‘۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اقدامات پر سعودی قیادت، بادشاہ اور ولی عہد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے مراسم ہیں، سربراہ سعودی وفد
سعودی وفد کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط مراسم ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک اہم معدنی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر پاکستانی قیادت کو مبارکباد دی۔
سعودی رہنما نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو بھی بڑی کامیابی قرار دیا جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ سعودی نائب وزیر نے ریکو ڈک سیٹلمنٹ پر پاکستانی حکومت کو مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں چین اور سعودی عرب کے تعاون سے دوسرے زرعی انقلاب کا حکومتی منصوبہ کیا ہے؟
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں صوبہ بلوچستان کے معدنی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے موقعوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد اور دیگر سعودی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے نتیجہ خیز شراکت داری اور خوشحال مستقبل کے لیے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کے عزم کو سراہا۔
پاکستانی وفد میں سینیٹر محمد عبدالقادر، شہزادہ احمد عمر احمد زئی، منظور احمد کاکڑ اور نصیب اللہ بازئی بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔