کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور اہلیہ میں علیحدگی کیوں ہوئی؟

جمعرات 3 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ سوفی گریگوئر ٹروڈو نے ازدواجی زندگی کے 18 سال گزارنے کے بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کو انسٹاگرام پراپنے بیانات میں، دونوں میاں بیوی نے بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ’بہت سی معنی خیز اور مشکل بات چیت‘ کے بعد کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے سے معاملات کو رازداری میں رکھنے کی درخواست کی۔

’ہمیشہ کی طرح، ہم اب بھی ایک دوسرے کے لیے اتھاہ محبت اور احترام کے ساتھ ایک خاندان ہی کی طرح رہیں گے‘۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں میاں بیوی نے علیحدگی کی قانونی دستاویزپر دستخط کردیے ہیں۔

51 سالہ جسٹن ٹروڈو کینیڈا کے سب سے مشہور سیاست دانوں میں سے ایک ہیں۔ وہ 2015 سے وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہیں۔ جبکہ سوفی گریگوئر ٹروڈو سابقہ ماڈل اور ٹی وی میزبان ہیں۔ ان کی شادی 2005 میں ہوئی تھی۔ 3 بچے ہیں جن کی عمریں 9،14،15 سال ہیں۔

ایک واقف حال نے خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کو بتایا کہ بچے دونوں کی مشترکہ تحویل ہوں گے۔

ٹروڈو اور بچے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ رائیڈو کاٹیج، اوٹاوا ہی میں رہیں گے، جہاں وہ 2015 سے مقیم ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سوفی گریگوئر ٹروڈو اوٹاوا میں علیحدہ رہائش میں منتقل ہوں گی تاہم وہ بچوں کے ساتھ رائڈو کاٹیج میں کافی وقت گزارنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں تاکہ بچوں کی پرورش کو معمول کے انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وہ اب بھی ایک خاندان کی طرح ہی ہیں۔ سوفی اور وزیراعظم اپنے بچوں کو محفوظ، پیار اور باہمی تعاون کے ماحول میں پرورش کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ یہ سب اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی تعطیلات پر اکٹھے ہوں گے۔‘

جسٹن ٹروڈو اور سوفی گریگوئر کی بچپن میں اس وقت ملاقات ہوئی جب سوفی جسٹن  کے سب سے چھوٹے بھائی مشیل کی ہم جماعت تھیں۔ پھر2003 کے ایک چیریٹی گالا  میں دونوں کی ملاقات ہوئی، جس کے2 سال بعد انہوں نے شادی کرلی۔

ووگ میگزین نے جنوری 2016 کے شمارے میں دونوں کا ایک پروفائل شائع کیا تھا، جس میں ان کے گلے لگنے والی تصاویر شامل تھیں۔ ٹروڈو کے بارے میں میگزین میں ایک طویل تحریر میں بتایا گیا تھا کہ وہ برسرعام اپنی اہلیہ سے محبت کا اظہار کرکے بعض لوگوں کو حیران کردیتے ہیں۔

ٹروڈو کے وزیراعظم بننے کے بعد ابتدائی برسوں میں، انہیں اور ان کی اہلیہ کو اکثر سماجی تقریبات اور غیر ملکی دوروں پر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا۔

ٹروڈو نے اگرچہ وزیر اعظم بننے سے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ دونوں کے درمیان کچھ مسائل ہیں۔ انہوں نے 2014 میں اپنی سوانح عمری ’کامن گراؤنڈ‘ میں لکھا تھا کہ ان کی شادی پرفیکٹ نہیں ہے، اورانہیں ازدواجی زندگی میں مشکلات اور اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے‘۔

گزشتہ چند برسوں میں، گریگوئر ٹروڈو اپنے شوہر کے ساتھ عمومی طور پر نظر نہیں آ رہی تھیں، اس سے واضح ہورہا تھا کہ دونوں کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔ آخری بار گزشتہ ماہ اوٹاوا میں کینیڈا ڈے کی تقریبات میں ، دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

گزشتہ سال اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر، وزیراعظم کی اہلیہ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا ’ ہم نے دھوپ کے دنوں، شدید طوفانوں، اور اس کے درمیان کے ہر مرحلے سے گزرے ہیں اور یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا‘۔

انہوں نے لکھا تھا کہ طویل مدتی تعلقات میں مختلف طرح کے چیلنجز ہوتے ہیں۔

ٹروڈو کینیڈا کے دوسرے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے اپنے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ ان سے قبل ان کے ان کے والد، پیئر ٹروڈو اور والدہ مارگریٹ ٹروڈو میں بھی 1979 میں اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی جب وہ وزیراعظم تھے۔ 1984 میں ان کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ اس وقت بھی سینیئر ٹروڈو وزیراعظم ہاؤس ہی میں تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp