مقتول ہارون رئیسانی آبائی شہر کانک میں سپردِ خاک

جمعرات 3 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز کوئٹہ میں قتل ہونیوالے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرنوابزادہ میر ہارون رئیسانی کی نماز جنازہ کانک اسٹیڈیم میں ادا کردی گئی جہاں سابق وزیر اعلٰی بلوچستان اور چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی سمیت دیگر سیاسی اور قبائلی عمائدین شریک  ہوئے۔

نماز جنازہ میں نوابزادہ لشکری رئیسانی ، نوابزادہ رئیس رئیسانی، نوابزادہ میر یادگار رئیسانی، نوابزادہ میر جمال رئیسانی اور دیگر سیاسی و قبائلی شخصیات سمیت کوئٹہ، مستونگ، کانک ، نوشکی اور صوبے کے دیگر علاقوں سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔

مقتول نوابزادہ ہارون رئیسانی کے جسد خاکی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی جس کے بعد انہیں کانک کے شہداء قبرستان میں سپر دخاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں فائرنگ کے تبادلے میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے ہارون رئیسانی سمیت 3 افراد قتل اور 3 زخمی ہو گئے  تھے۔

ہارون رئیسانی بلوچستان فوڈ اتھارٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھے اور ایک دکان پر چھاپے کے لیے گئے تھے جہاں کارِ سرکار میں مداخلت پر سریاب روڈ پر واقع مقامی ٹرانسپورٹ ٹرمینل کے باہر مسلح تصادم میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواب زادہ ہارون رئیسانی اور معروف ٹرانسپورٹر میر دولت لہڑی کے بیٹے میر براہمدغ لہڑی اور ایک سرکاری محافظ جاں بحق ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp