الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی مسترد کر دی، شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 3 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری کی معافی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

فواد چوہدری پر الزام تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز الزامات لگائے جس پر ان کے خلاف توہین کی کارروائی عمل میں لائی گئی، سابق پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تحریری معافی نامہ جمع کروایا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے ملکی ادارے کے خلاف ریمارکس انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اس لیے معافی نہیں دی جا سکتی۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا جس کا جواب 15 اگست تک جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔

اس سے قبل سابق پی ٹی آٰئی رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تحریری معافی جمع کروائی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 5 رکنی کمیٹی نے قرار دیا کہ فواد چوہدری نے مشروط معافی مانگی ہے جس میں انہوں نے ملکی ادارے کے خلاف دیے گئے اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار نہیں کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف توہین آمیز الزامات لگائے ہیں۔ معاملہ حساس نوعیت کا ہے، مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 5 رکنی کمیٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کو 15 اگست تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

فیصل چوہدری بھی پیش نہیں ہوئے

واضح رہے کہ 11 جولائی کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں نامزد سابق وزیر اعظم عمران خان اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی فواد چوہدری کی گرفتاری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے  الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے اسی مقدمہ میں نامزد سابق رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی تھی۔

الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر اور رہنما استحکام پاکستان پارٹی فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی پیش نہیں ہوئے تھے، فیصل چوہدری کےمعاون وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری لاہور جب کہ فیصل چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ فیصل چوہدری نے آنے کا کہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp