عبدالرزاق شر قتل کیس، عمران خان 9 اگست کو سپریم کورٹ میں طلب

ہفتہ 5 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طلب کر لیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے آئی جی بلوچستان، پراسیکیوٹر جنرل، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو بھی نوٹس جاری کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کو 6 جون کو کوئٹہ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے الزام عائد کیا تھا کہ وکیل کا قتل عمران خان کی ایما پر کیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے الزام لگایا تھا کہ چونکہ عبدالرزاق شر عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس کی پیروی کر رہے تھے اس لیے انہیں قتل کیا گیا۔

بعد ازاں 7 جون کو عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نامزد کیا گیا۔ مقدمہ تھانہ جمیل شہید میں مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان پر وکیل کے قتل کا الزام، عطا تارڑ کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

پولیس کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کو سینیئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں قتل اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ عبدالرزاق شر نے سابق وزیراعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی و آئین کے آرٹیکل 6 سے روگردانی پر درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کی ہوئی تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی اعانت جرم سے متعلق تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت سزائے موت دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp