تربت: 7 سہیلیاں ایک دوسری کو بچاتے ہوئے کیچ ندی میں ڈوب کر جاں بحق

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے علاقے تربت میں 7 لڑکیاں کیچ ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔ ساتوں سہیلیاں پکنک منانے کے لیے ندی پر گئی ہوئی تھیں جہاں ایک دوسری کو بچاتے ہوئے ڈوب گئیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ لڑکیاں سیر کے لیے ندی پر آئی ہوئی تھیں اور اس دوران یہاں ڈوب گئی ہیں۔ جس کے بعد لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈوبنے والی لڑکیوں کی عمریں 13 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔

مرنے والی لڑکیوں کی شناخت فضا بنت زبیر عمر 16 سال، فائندہ بنت سلیم عمر 15 سال، ماہ زیب بنت اشرف عمر 16 سال، ماہ تاب بنت کریم خان عمر 14 سال، شیرین بنت ناصر عمر 13 سال، بشرہ بنت غلام عمر 14 سال اور دردانہ بنت نسیم کے ناموں سے ہوئی ہے، دردانہ کی عمر 14 سال بتائی گئی ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی لڑکیوں کی میتوں کو تربت اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا 7 لڑکیوں کی حادثاتی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 7 لڑکیوں کی حادثاتی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بھرپور معاونت کی جائے۔

انہوں نے ڈوبنے سے بچ جانے والی لڑکیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp