پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس، عمران خان کو غیرانسانی ماحول میں قید میں رکھنے کی مذمت

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہہ اور غیرانسانی ماحول میں قید کیے جانے کی مذمت کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قوم کے معتبر ترین قائد، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ اور سابق وزیراعظم کو جس اذیت ناک، غیرانسانی اور صحت و سلامتی کے حوالے سے خطرناک ماحول میں قید کیا گیا ہے وہ شرمناک ہے۔

’نفرت و انتقام کی آگ میں قانون و اقدار کا خون کرنے والے فسطائی قوم کو اپنی وحشت کا جواب دیں گے‘۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحریکِ انصاف کی فقیدالمثال کامیابی عمران خان پر قوم کے اعتماد کا مظہر ہے۔

اجلاس نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے پیش گوئی کی تھی کہ انہیں قید کیا جائے یا وہ آزاد ہوں، عوام تحریک انصاف ہی کو اپنے ووٹ کا حقدار تصوّر کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ شاندار کامیابی پر صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، صوبائی تنظیم، کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے ملک میں آئینی و جمہوری بحران پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل آئین کی روح کے مطابق صاف شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے مطابق مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں ردوبدل کی آڑ میں انتخابات کے غیرمعینہ مدت تک التوا کی ناپاک سازش کی جارہی ہے۔

اجلاس نے کہا کہ نااہل، بددیانت، بدنیّت اور منافقت کی آخری حدوں کو چھوتا بندوبست اپنی صفوں میں موجود واضح تقسیم چھپا کر جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

تحریک انصاف عوامی منشاء کی روشنی میں آئین، جمہوریت اور انتخاب کے خلاف کی جانے والی ہر سازش کا ہر سطح پر ہر ممکنہ آئینی، قانونی اور جمہوری طریقے سے مقابلہ کرے گی۔

یہ بھی کہا گیا کہ چند گھنٹوں کی مہمان حکومت کے ہاتھوں عوام کے معاشی قتلِ عام کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔

کور کمیٹی کی جانب سے 8 اگست بروز منگل اسلام آباد میں منعقد ہونے والے وکلا کنونشن کی بھرپور تائید کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ”رول آف لا، سپرمیسی آف کانسٹیٹیوشن اور ایکویلیٹی بیفور لاء“ کے عنوان تلے وکلا کا قومی کنونشن 8 اگست صبح گیارہ بجے اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار روم میں منعقد کیا جائے گا۔

کنونشن میں ممتاز ماہرینِ قانون، وکلاء نمائندگان اور قانون، انصاف اور انسانی حقوق کے ماہرین کنونشن میں شریک ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp