کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے؟ آرمی چیف کا افغان حکومت سے سوال

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستانی قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔ کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی۔

پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور ہم ہی کامیاب ہوں گے، پاک فوج کا نصب العین شہید یا غازی ہے۔

انہوں نے افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہوگی۔ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیر کو پشاور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا میں شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، جن لوگوں نے اس دین کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا ان کو اب جواب دینا پڑے گا۔ ہمارے نوجوان دہشتگردی کے خلاف خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں، آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے، خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کے پاس ریاست کے سامنے سرتسلیم خم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، فوج، سیکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کے عوام ایک ہیں۔ ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں، اس میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا، قبائلی عوام کی معاشی ترقی کے لیے ترقیاتی اسکیموں میں ان کی شرکت یقینی بنائیں گے۔ 54 زیر تعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں 81 ارب روپے کی مالیت کے ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں پولیس کے 43 منصوبوں کو 7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اس کی بے پناہ قربانیاں ہیں۔

سپہ سالار نے کہا کہ دہشتگردی کے مسئلے پر اگر کوئی مذاکرات ہوئے تو وہ پاکستان اور افغانستان کی عبوری حکومت کے درمیان ہوں گے۔ اس کے علاوہ کسی سے بات نہیں ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp