عمران خان کی گرفتاری: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی کیا ہوگی؟

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ سیاسی حکمت عملی بھی مرتب کرلی۔

تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے پیر کو کور کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جس میں عمران خان کو جیل میں غیر انسانی ماحول میں رکھنے کی مذمت کی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان پاکستان سابق وزیراعظم، مقبول ترین سیاسی رہنما اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی  جماعت کے سربراہ ہیں، انہیں جس غیرانسانی اور صحت و سلامتی کے بنیادی حقوق کے حوالے سے خطرناک حالات میں قید کیا گیا ہے وہ انتہائی نا قابلِ قبول اور شرمناک ہے۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی فقیدالمثال کامیابی عمران خان پر قوم کے اعتماد کی مظہر ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے پیشگوئی کی تھی کہ انہیں قید کیا جائے یا وہ آزاد ہوں، عوام تحریک انصاف ہی کو اپنے ووٹ کا حقدار تصوّر کرتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے ملک میں آئینی و جمہوری بحران پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان کا مستقبل آئین کی روح کے مطابق صاف شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے۔ مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں ردوبدل کی آڑ میں انتخابات کے غیرمعینہ مدت تک التوا کی ناپاک سازش کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی قانونی جنگ کے علاوہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات کے مطالبے کے ساتھ سڑکوں پر نکلنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پی ٹی آئی ملک کے مختلف بارز میں وکلا کو متحرک کرے گی جہاں لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن، ڈاکٹر بابر اعوان، شعیب شاہین اور دیگر وکلا مختلف بارز کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں وکلا کنوشنشز کے ذریعے عام انتخابات کروانے کے لیے نگراں حکومت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں منگل کو منعقد ہونے والے وکلا کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ کونشن میں ملک بھر سے وکلا کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کی منظوری کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے قیام کے بعد پی ٹی آئی کے روہوش رہنما بھی منظر عام پر آئیں گے اور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آئندہ عام انتخابات میں وکلا کو بھی ٹکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp