پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں بچوں کو گرمی سے شدید خطرہ لاحق ہے، یونیسیف

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں شدید گرمی کے باعث بچے خطرات سے دوچار ہیں جب کہ سندھ میں خصوصاً جیکب آباد میں بھی کم از کم 18 لاکھ افراد خطرے کی زد میں ہیں۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد سمیت سندھ کے کچھ حصوں میں گزشتہ جون کے دوران درجہ حرارت 40 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس سے18 لاکھ افراد صحت کے قلیل اور طویل مدتی شدید خطرات سے دوچار ہوئے۔

جنوبی ایشیا میں 3 چوتھائی بچے شدید گرمی سے متاثر ہیں جب کہ عالمی سطح پر یہ تناسب 3 میں سے 1 ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف نے دنیا بھر میں حکام پر زور دیا ہے کہ وہ سخت موسم سے متاثر بچوں کی مدد کے لیے مزید اقدامات کریں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش کے موسم میں گرمی بچوں کے لیے صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ بچے درجہ حرارت کی تبدیلیوں کے ساتھ تیزی سے موافقت نہیں کر پاتے۔

یونیسیف کے اندازے کے مطابق مجموعی طور پر جنوبی ایشیا میں 18 سال سے کم عمر کے 76 فیصد یعنی 46 کروڑ بچے شدید گرمی کا سامنا کرتے ہیں جہاں ایک سال میں 83 یا اس سے زیادہ دنوں کے دوران درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہتا ہے۔

جنوبی ایشیا میں رہنے والے بچوں کو اب پہلے سے کہیں زیادہ اور باربار ر شدید گرمی کی لہروں کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی بڑی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں۔

یونیسیف کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکرا کے مطابق اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں لاکھوں بچوں کی زندگیوں اور صحت کو گرمی کی لہروں اور بلند درجہ حرارت سے خطرات لاحق ہیں۔

یونیسیف کے 2021 کے چلڈرن کلائمیٹ رسک انڈیکس ( سی سی آر آئی ) کے مطابق افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ اور پاکستان میں بچے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے انتہائی زیادہ خطر ات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خاص طور پر بچوں، چھوٹے بچوں، غذائیت کی کمی سے دوچار بچوں اور حاملہ خواتین کے بارے میں فکر مند ہیں کیوں کہ انہیں ہیٹ اسٹروک اور دیگر سنگین اثرات کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

یونیسیف نے فرنٹ لائن ورکرز، والدین، خاندانوں، دیکھ بھال کرنے والے افراد اور مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ زیادہ درجہ حرارت کے دوران بچوں کی حفاظت کریں اور اور انہیں شدید گرمی سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جن میں شدید گرمی سے متاثر ہونے کی فوری تشخیص اور ابتدائی طبی امداد کے اقدامات سے آگاہی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp