پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حوالے سے جیل حکام نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر علیحدہ پورشن میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ عمران خان اٹک جیل میں اپنی قید کاٹ رہے ہیں، قانون کے مطابق ایئر کولر، چارپائی اور چھت والا پنکھا دیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں
ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بیڈ میٹرس، تکیہ، ٹیبل اور 2 کُرسیاں بھی دی گئی ہیں، جیل اور بیرک کی صفائی ستھرائی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جیل مینوئل کے مطابق ڈاکٹرز کی نگرانی میں خوراک بھی مہیا کی جا رہی ہے۔
ترجمان جیل خانہ جات نے بتایا کہ عمران خان کے وکیل اور فیملی کو جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کی سہولت بھی حاصل ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے توشہ خان کیس میں 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عمران خان کو سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے انہیں زمان پارک لاہور سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد وہ اٹک جیل میں اپنی قید کاٹ رہے ہیں۔