پاکستان میں کان کنی، توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات ہیں، سعودی نائب وزیر خارجہ

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دوست ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قائم اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سعودی وفد پہلا غیر ملکی وفد ہے جس نے ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کا دورہ کیا ہے۔

سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید عبدالکریم الخیرج کی سربراہی میں 16 رکنی وفد کا استقبال نہایت گرمجوشی کے ساتھ کیا گیا اور بعد ازاں وفد کو اسلام آباد میں واقع کونسل سیکریٹریٹ میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

سعودی وفد کا دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پختہ عزم کی علامت قرار دیا گیا ہے۔ مہمان وفد کے ارکان کے ساتھ مخصوص ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وفد نے پاکستانی فریق کو مختلف شعبوں کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری کے مفادات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ مرکزی بریفنگ کے بعد دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے شعبوں اور منصوبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے اختتام پر سعودی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ مختلف امور اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات پر بات چیت کی۔

اپنی خصوصی گفتگو میں سعودی نائب وزیرِ خارجہ نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل میں اجلاس میں شرکت کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس بہت تعمیری رہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ اجلاس دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔

سعودی نائب وزیرِ خارجہ کے مطابق پاکستان میں خاص طور پر کان کنی، توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت امکانات موجود ہیں۔ ’ہم بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے  اور ان شاء اللہ ایک اچھے معاہدے پر پہنچیں گے جس سے دونوں ممالک برابر فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘

سعودی نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت، کعبہ شریف کے نگران اور ولی عہد شہزادہ ہمیشہ سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے حامی رہے ہیں۔

سعودی وفد سے ملاقات اور اس دورے کا مقصد پاکستان کی حقیقی صلاحیت کو برادر ملک پر ظاہر کرنے میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو ایک ’سنگل ونڈو‘ کے طور پر اجاگر کرنا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp