انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم مقرر، 14 اگست کو حلف اٹھانے کا امکان

ہفتہ 12 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کی جانب سے سینیٹر انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کے لیے نامزد کرنے کی سمری پر صدر مملکت نے دستخط کر دیے ہیں۔

صدر مملکت نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے بھیجی گئی سمری کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ون اے کے تحت دی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات میں انوار الحق کاکڑ کو وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوا تھا، وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگراں وزیر اعظم پاکستان ہوں گے، انوار الحق کاکڑ اس وقت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور ان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم  شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجا ریاض کی ملاقات ہوئی، وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوگیا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم اتفاق ہو گیا ہے، وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی۔

وزیرِ اعظم نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور ان 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر شکریہ ادا کیا۔

اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے مطابق نگراں وزیر اعظم کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے تجویز کیا تھا جس پروزیر اعظم نے اتفاق کر لیا، باقی 5 ناموں کے بارے میں نہیں بتائیں گے۔

واضح رہے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

ذمہ داریاں احسن انداز سے نبھاؤں گا، انوارالحق کاکڑ

انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیراعظم کے لیے نامزد کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس اعزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی رہائشگاہ پر پروٹوکول دستے تعینات

صدر مملکت کی جانب سے انوارالحق کاکڑ کی بحیثیت نگراں وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دیے جانے کے بعد ان کی رہائشگاہ پر پروٹوکول پہنچا دیا گیا ہے۔ اور پروٹوکول دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب انوار الحق کاکڑ کے 14 اگست کو عہدے کا حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

صادق سنجرانی کی انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بننے پر مبارکباد

چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی نے سینیٹر انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے، قابل اور محنتی انسان ہیں۔ بلوچستان سے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی بطور وزیر اعظم تعیناتی ایک اچھا فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کی قائدانہ صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، بطور نگراں وزیراعظم اچھے فیصلے کریں گے۔

صادق سنجرانی کے مطابق سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے ہمیشہ ایوان بالا میں مثبت کردار ادا کیا، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔

راجہ پرویز اشرف کا انوارالحق کاکڑ کو فون، نگراں وزیراعظم بننے پر مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ قوم کو آپ کی دانش پر اعتماد ہے اور جمہوریت کے تسلسل کی امید آپ سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کی بطور نگراں وزیر اعظم تقرری جمہوریت کے لیے نیک فال ہے۔ بلوچستان سے نگراں وزیر اعظم کا انتخاب وفاق کو مضبوط کرے گا اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔

 نامزد نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور پائیدار جمہوریت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی انوارالحق کاکڑ کو مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp