انوارالحق کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے پر کوئی تحفظات نہیں، پیپلزپارٹی کی وضاحت

ہفتہ 12 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات کی خبر کو غلط قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سینیٹر انوارالحق کاکڑ کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

’واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بہتر ہوتا کہ کسی اور شخص کا انتخاب کیا جاتا، ہمیں علم نہیں تھا کہ انوارالحق کاکڑ کا نام آئے گا‘۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کے آئینی کردار کے مطابق ادا کرنے کو فوقیت دی۔ پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کا اختیار دے دیا تھا۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق جمہوریت کا تسلسل، پاکستان کے استحکام اور معاشی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ امید کرتے ہیں کہ انوارالحق کاکڑ آزاد اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی نگرانی میں الیکشن کمیشن سے آزاد اور خودمختار شفاف انتخابات کے انعقاد کی توقع ہے۔ پیپلز پارٹی ہر آئینی اور جمہوری عمل کی حامی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ اچھے جمہوریت پسند سیاستدان ہیں، میں انہیں ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ ماضی میں سیاست دانوں کو نگراں وزیراعظم نہیں بنایا جاتا تھا ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ سیاستدان ہی نگراں وزیراعظم ہوں۔

ان کے مطابق اس مرتبہ ریٹائرڈ بیورو کریٹ یا جج کے بجائے سیاستدان کو نگراں وزیراعظم بنایا گیا جو جمہوری عمل کی تقویت کا باعث بنے گا۔

پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کا اختیار شہباز شریف کو دیا تھا، شازیہ مری

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی سینیئر رہنما شازیہ مری نے کہا کہ ‏نگراں وزیراعظم کے نام پر پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات کی خبر غلط ہے۔ پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کا اختیار میاں شہباز شریف کو دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی پوری توجہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات پر ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور قانون کے تحت انتخابات چاہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp