لاٸن آف کنٹرول پر وادی لیپہ میں یوتھ میلے کی رنگا رنگ تقریبات کا آغاز

اتوار 13 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جشن آزادی کے موقع پر لاٸن آف کنٹرول پر واقع وادی لیپہ میں یوتھ میلے کی رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں روایتی اور مقامی  کھیلوں کے ساتھ ساتھ کشمیر کی منفرد تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کرتے اسٹالز بھی اس دلکش میلے کا حصہ ہوں گے۔

لیپہ میلے کی افتتاحی تقریب آرمی پبلک سکول میں منعقد کی گئی ، جہاں بانی ریڈ فاونڈیشن محمود احمد، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری، ارکان ضلع اور لوکل کونسل، نوجوانوں اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

لیپہ یوتھ میلہ وادی کے نوجوانوں کی صلاحیتیں پروان چڑھانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے علمی، ادبی، فنی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر مشتمل سرگرمی ہے، جس کی افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی وادی میں یوم آزادی کی تقریبات کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

یوتھ میلے میں رسہ کشی، والی بال، گتکہ بازی، جیپ ریلی جیسے روایتی و مقامی کھیلوں کے ساتھ ساتھ کشمیرکی منفرد تہذیب وثقافت کو اجاگر کرتے اسٹالز بھی میلے کا حصہ ہوں گے۔

منتظمین کے مطابق یوتھ میلے کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت افزا سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ  ان کی صلاحتوں کو ملکی سطح تک پذیراٸی دینا اور وادی لیپہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

لیپہ میلے کا دوسرا دن یوم شہداء کے طور پر شہداء کے لواحقین اور غازیوں کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ’ایک دن پاک فوج کے ساتھ‘ پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

اس موقع پر ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ ان کے بارے عمومی معلومات، حفاظتی احتیاطی تدابیر، غیر مسلح لڑائی اور سنگین بازی کے علاوہ ٹریکنگ مہم کا عملی مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔

️14 اگست کو منعقد ہونے والی اختتامی تقریب جشن آزادی جیپ ریلی، ثقافتی پروگرامز، رسہ کشی، گتکہ بازی اور تحریک آزادی پاکستان کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ لیپہ کے یوتھ ایمبیسیڈرز کے لیے تقسیم انعامات پر مشتمل ہوگی۔

لیپہ یوتھ میلے کا اختتام وادی میں ’کلین اینڈ گرین مہم‘ کے افتتاح کے ساتھ ہوگا، جس میں پاک فوج اور محکمہ جنگلات وسیع پیمانے پر شجر کاری کا آغاز کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp