’پاکستان زندہ باد‘، ملک بھر میں 76 ویں جشن آزادی کا رنگا رنگ آغاز

پیر 14 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

14 اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی پاکستان منانے کا آغاز ہو گیا ہے۔ 12 بجتے ہی کہیں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا تو کہیں پر دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔

ماہ اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں جگہ جگہ یوم آزادی کی مناسبت سے اشیا کے اسٹالز لگ جاتے ہیں۔ جہاں پورے 2 ہفتے لوگ خریداری میں مصروف رہتے ہیں وہیں 13 اگست کا دن اس حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ہر پاکستانی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ اسٹالز پر جائے اور جھنڈیوں سمیت دیگر اشیا بھی خرید سکے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر رنگا رنگ طریقے سے جشن آزادی پاکستان منایا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں تاریخی قلعہ بالا حصار کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی مختلف عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، مختلف مکتبہ فکر کے لوگ اپنے اپنے طریقے سے جشن آزادی پاکستان منا رہے ہیں۔

چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، صدر مملکت کا پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہل وطن کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن ہم بانیان پاکستان اور تحریک ِپاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں، آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام جاری اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بانیان پاکستان اور تحریک آزادی کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے مشکلات اور ظلم کا سامنا کیا اور پاکستان کے حصول کیلئے بے پناہ چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا، ان لوگوں کی داستانیں ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں قیام ِپاکستان کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن 76 سال قبل قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی ۔

آج کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے

صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان اپنے لیے ایک ایسا وطن چاہتے تھے جہاں وہ آزادی سے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق ترتیب دے سکیں۔ یہ دن نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی کاوشوں کے منطقی انجام کی علامت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کا یہ دن ہمیں خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح ، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ یہی وقت ہے کہ ہم بابائے قوم کے ویژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ میں اپنے ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کام کریں۔ آئیں ، عہد کریں کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، عفو و درگزر، سماجی و اقتصادی انصاف، اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آئیں! آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔ 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی قانونی حیثیت کو ختم کرنے سمیت بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے ماورائے عدالت قتل، تشدد اور غیر قانونی حراستوں کی صورت میں وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید خراب کیا ہے۔

آج کے دن کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم دُہراتے ہیں

صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ان کے جائز حق خودارادیت کے لیے غیر متزلزل اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں پوری پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کے لیے دل و جان سے کام کریں۔ آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں عزم کریں کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

بلاشبہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، اسپیکر راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہو کہا کہ بلا شبہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اللہ تعالیٰ کا خاص شکر ہے کہ اس نے ہمیں اس عظیم نعمت کبرٰی سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ اقبال اور اپنے آباؤ اجداد کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی انتھک محنت قربانیوں کی بدولت ہمیں یہ عظیم ملک حاصل ہوا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطاء کردہ اس عظیم نعمت کبرٰی کی قدر کرنی چاہیے۔ قیام پاکستان کا مقصد اسلامی اقدار اور روایات کے پیش نظر ایسا جمہوری نظام قائم کرنا تھا جہاں انصاف برابری اور حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔

اتحادی حکومت نے مشکلات کے باوجود چیلنجز پر قابو پایا

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں میں اس مقصد کی تکمیل کے لیے ہمیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر خدا کا شکر ہے کہ ہم صحیح سمت کی طرف گامزن ہیں۔ گزشتہ حکومت نے 16 ماہ کے قلیل عرصے میں ملک کو درپیش سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز کو بڑی حد تک خوش اسلوبی سے حل کیا ہے۔

راجا پرویز اشرف کے مطابق ابھی بھی ترقی اور خوشحالی کی منزل دور ہے جس کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں سیاست سے بالا تر ہو کر آپس کے اختلاف کو بھلا کر ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ہمیں تجدید عہد کرنا ہو گا بطور پاکستانی اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے 14 اگست، 1947 کے جذبے کو دہراتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جش آزادی کے پر مسرت موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے، جو گزشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی نعمت کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp