احتساب عدالت نے پرویز الٰہی کا 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

احتساب عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا 21 اگست تک 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔

 نیب حکام نے چوہدری پرویز الٰہی کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا، چوہدری پرویز الہٰی کی طرف سے امجد پرویز بٹ جبکہ نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل امجد پرویز بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے موکل کو گھر کا کھانا، ذاتی معالج اور ادویات کی سہولت دی جائے۔ جس پرنیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ چوہدری پرویز الہٰی کو پہلے ہی یہ سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

تاہم چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت سے اپنے موکل کو اہلیہ، بیٹے اور وکیل سے ملنے کی اجازت دینے کی استدعا کر دی، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس استدعا پر نیب جواب دائر کرے گا۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ گرفتاری کی وجوہات بتائیں، نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 4 شریک ملزموں کے جسمانی ریمانڈ لیے جا چکے ہیں جو پہلے سے گرفتار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پرویز الٰہی کو کل گرفتار کر کے آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ہے، پرویز الٰہی بطور وزیر اعلٰی صرف گجرات کے لیے 72 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکجز دیے، متعلقہ ایکسین سے 200 منصوبوں کی لسٹ بنائی گئی۔

وارث علی جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فاسٹ ٹریک پر منصوبوں کی منظوری دی، مونس الٰہی نے میٹنگ کر کے کک بیکس کے شیئر طے کیے، ہمارے پاس ان سب باتوں کے ثبوت موجود ہیں۔

’کام شروع ہونے سے پہلے رقم جاری ہونا شروع ہو گئی جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔‘

پرویز الٰہی کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ پرویز الٰہی کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں کیسز زیر سماعت ہیں، عدالت بے شک پیر تک پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ دے دے، تاکہ پیر تک سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ سے فیصلہ آجائے۔

جس پر نیب کے وکیل نے کہاکہ ہم 14 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔ جسمانی ریمانڈ کتنے دن کا دینا ہے یہ فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

جس پر عدالت نے پرویز الٰہی کا 21 اگست تک 6 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp