انٹر بینک میں ڈالر کی اڑان جاری، 2 روپے 99 پیسے مزید مہنگا ہوگیا

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈالر کی اونچی اڑان آج بھی جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر مزید 2  روپے 99 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 294 روپے 50 پیسے پر فروخت ہورہا ہے، جبکہ گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

آئی ایم ایف معاہدے کے بعد 4 جولائی تک انٹربینک میں ڈالر 275 روپے 44 پیسے تھا، ڈالر کی قیمت میں اب تک 19 روپے 6 پیسے اضافہ ہوچکا ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 303 روپے 50 پیسے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ 4 جولائی کے بعد سے اب تک اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 23 روپے پچاس پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ درآمدی کینٹنرز رکے ہوئے تھے جو اب کلیئر ہوئے ہیں، اس لیے بھی ڈالر کی قیمت بڑھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں فرق کو کم کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے معاشی ماہر شہریاربٹ کا کہنا تھاکہ ڈالر کی ڈیمانڈ ملک میں بڑھتی جارہی ہے، آئی ایم ایف کے مطالبے کے مطابق انٹر بنک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا گیپ کم ہونا چاہیے جو کہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی بڑھتی جائے گی اور روپے کی قدر میں کمی ہوتی جائے گی، سخت فیصلے نا کیے تو ڈالر کو قابو کرنا مشکل ہو جائے گا۔

ای کیپ کے مطابق کراچی اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 303 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp