90 روز میں انتخابات کا معاملہ، شاہ محمود قریشی کا نگراں وزیر اعظم کو خط

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھ دیا، شاہ محمود قریشی نے کور کمیٹی کی ایما پر نگراں وزیر اعظم کو خط تحریر کیا۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے تحریر کردہ خط میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نگراں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد پیش کی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے نگراں وزیر اعظم کو لکھاکہ ملک دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، سابق حکومت نے ریاستی اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کے بجائے، اپنی جگہ بنانے اور خود کو احتساب سے بچانے کے لیے ایک کے بعد دوسرا حربہ استعمال کیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کا نگراں وزیر اعظم کو خط

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھاکہ حکمران گروہ کے اس طرزِ عمل نے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا، سابق حکمرانوں نے تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی نیت سے ریاستی اداروں کا بے دریغ استعمال کیا۔

انہوں نے لکھاکہ چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہہ اور انسانیت سوز حالات میں رکھا گیا ہے، عمران خان کی گرفتاری اور جیل میں ان سے روا رکھا جانے والا سلوک کسی بھی ملک کے انتظامی اور عدالتی نظام کے چہرے پر ایک بد نما داغ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے نگراں وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کو آئین اور جیل قوانین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق سےمحروم رکھا جا رہا ہے، عمران خان کو آئین اور جیل قواعد کے مطابق  بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کو بلا روک ٹوک گھروں اور املاک کو تباہ کرنے، عورتوں، بچوں، بوڑھوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں، تحریک انصاف کے 10 ہزار سے زائد کارکنان پابند سلاسل ہیں۔

’عدالتوں کے آئینی احکامات کی پیہم توہین جاری ہے۔‘

پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کا نگراں وزیر اعظم کو خط

انہوں نے لکھاکہ ملک کو پھر سے آئین و قانون کی راہ پر چلانے کا وقت آن پہنچا ہے، جمہوریت کی بنیاد شہریوں کے ووٹ کے حق پر استوار ہے، دستور اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتا ہے۔

’لہذٰا ہمارا پر اصرار مطالبہ ہے کہ آپ انتخابات کے بروقت انعقاد کو  یقینی بنائیں۔‘

شاہ محمود کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں  کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جاسکتا، ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

’انتخابات کی ساکھ کے لیے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کے لیے مساوی میدان فراہم کیا جائے۔‘

پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کا نگراں وزیر اعظم کو خط

انہوں نے مزید لکھاکہ موجودہ حالات میں آپ کا منصفانہ طرزِعمل جمہوری اقدار پرعوام کے اعتماد میں پختگی و تقویت کا موجب بنے گا۔ ہم آپ کو سونپے جانے والے اس عظیم فریضہ کی انجام دہی میں آپ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp