جڑانوالہ واقعہ: پنجاب حکومت کا اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے جڑانوالہ واقعہ کی فوری طور پر اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اندر امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ قرآن پاک کی بے حرمتی اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیاجس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ کی بر وقت کارروائی کی وجہ سے مساجد سے یہ اعلان بھی کروایا گیاکہ انتظامیہ اس پر کارروائی کر رہی ہے، لیکن قرآن کی بے حرمتی کی وجہ سے اشتعال بڑھ چکا تھا اور 5 سے 6 ہزار کا مجمع مختلف ٹولیوں کی صورت میں جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں اکٹھا ہو چکا تھا۔

حکومتی ترجمان کے مطابق مشتعل افراد نے ایک اقلیت کی آبادیوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی جس کو پولیس نے کئی جگہوں پر ناکام بنایا۔ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس کو بر وقت کارروائی کر کے روکا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ امن کمیٹی کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ امن کمیٹی اور تمام جماعتوں کے ارکان نے اس واقعے کی مذمت کی۔ اور اس کے ساتھ ساتھ یقین دہانی کرائی کہ کوئی بھی جماعت کسی بھی اقلیت کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ لوگ مختلف ٹولیوں میں عیسائی آبادیوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرتے رہے مگر پولیس بچاتی رہی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تمام حضرات نے اہم کردار ادا کیا۔ اسی کی وجہ سے کسی بھی جانی نقصان کی خبر نہیں آئی۔

100 سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ترجمان پنجاب حکومت

ترجمان کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا، تمام ویڈیو فوٹیجز موجود ہیں۔ سائنٹیفک طریقے کے ساتھ تفتیش جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری مختلف جگہوں پر موجود ہے اور اپنا کام کر رہی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پولیس، انتظامیہ اور امن کمیٹی کے متحرک ہونے کی وجہ سے پورے صوبے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور حالات قابو میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کمشنر فیصل آباد،آر پی او فیصل آباد، ڈی سی فیصل آباد، اور سی پی او فیصل آباد تمام نفری کے ساتھ صبح سے موقع پر موجود ہیں ۔ آئی جی، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور مختلف انٹیلی جنس کے ادارے بھی جڑانوالہ کے قریب موجود ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح جڑانوالہ میں مبینہ طور پر توہین مذہب کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس کی پاداش میں لوگ مشتعل ہو گئے اور مسیحی برادری کی عبادت گاہوں سمیت گھروں کو آگ لگا دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp