پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ کب تک ہو جائے گا؟

منگل 14 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 1.2 ارب ڈالرز کی قسط کی فراہمی کے لیے مذاکرات تو اسلام آباد میں ختم ہو گئے مگر اب تک معاہدہ نہیں ہو سکا۔

اس حوالے سے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ملک کے معروف معاشی تجزیہ کاروں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ حکومت جلد آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت اٹھائے گئے بیشتر اقدامات پر عملدرآمد کر کےمالیاتی ادارے سے قرض حصول میں کامیاب ہوجائے گی۔ امید کی جارہی ہے کہ اگلے آٹھ سے دس روز میں معاہدہ طے پا جائے گا۔

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان سات ارب ڈالرز کے قرض پروگرام کی بحالی کیلئے 31 جنوری سے 9  فروری تک ملک میں جاری مذاکرات کسی سرکاری اعلامیہ کے بغیر ختم ہوگئے تھے ۔

نو فروری کو پاکستان کے سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے صحافیو ں کو بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان بہت سے مسائل حل طلب ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کو ضروری اقدامات کی فہرست دیتے ہوئے معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید وقت طلب کیا ہے۔

اگلے روز پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے مذاکرات میں کئی امور پر اتفاق کیا ہے اور آئی ایم ایف نے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فائنانشل پالیسی فراہم کر دی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت کو منی بجٹ لاتے ہوئے 170 ارب کے نئے ٹیکس عائد کرنے ہوں گے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف جائزے کے بعد 1.2 ارب ڈالرز ملنے کی توقع ہے۔

معاشی تجزیہ کار کیوں پرامید ہیں؟

وی نیوزسے گفتگو میں معاشی تجزیہ کار خلیق کیانی کا کہنا تھا کہ کچھ پیشگی حکومتی اقدامات کے علاوہ، جن پر حکومت عمل درآمد کر رہی ہے، فی الحال کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

ان اقدامات میں بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کیساتھ 170 ارب روپے کے نئے ٹیکس کے نفاذ سمیت کرنسی کنٹرول کا خاتمہ اورغریبوں کے لیے مزید فنڈز مختص کرنا شامل ہیں۔

خرم شہزاد بھی آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدے کے ضمن میں پر امید ہیں۔ انکے مطابق پاکستان رواں ماہ کے اختتام یا پھر مارچ کے آغاز میں آئ ایم ایف سے قرض لینے میں کامیاب ہو جائے گا۔

’گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی جیسے پیشگی اقدامات کے علاوہ بجلی کی قیمت میں اضافہ، نئے ٹیکسز کے اجرا  پر عملدرآمد کے بعد یقیناً پاکستان آئ ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں کامیاب رہے گا۔

معاشی امور پر گہری نظر رکھنے والے صحافی مہتاب حیدر سمجھتے ہیں کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی کچھ شرائط پر آئی ایم ایف کے وفد کی ملک آمد سے قبل اور کچھ انکی روانگی کے بعد کرلیا ہے۔ تاہم مزید کچھ شرائط عملدرآمد ہی معاہدے میں تاخیر کی وجہ ہے۔

اس سے قبل آئی ایم ایف کی پالیسی یہ تھی کہ شرائط پر عمل معاہدے کہ بعد بھی کیا جا سکتا تھا مگر اس بار آئی ایم ایف نے معاہدے سے قبل شرائط پر عملدرآمد کو ضروری قرار دیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ آئی ایم ایف کی ٹیم بغیر کسی معاہدے کا اعلان کیے واپس چلی گئی ہے۔

رپورٹر مہتاب حیدر کا خیال ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر جلد از جلد عملدرآمد کر کے ملک کو ڈیفالٹ سےبچایا جاسکتا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ایک مہینہ بھی تاخیر ملک کو بہت بڑے اقتصادی بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔

 ’فی الحال کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ پاکستان کب تک شرائط پوری کر کے آئ ایم ایف سے قرض وصول کر سکے گا کیونکہ سر دست آئی ایم ایف کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔ آئی ایم ایف ہی واحد حل ہے۔‘

پاکستان اور آئی ایم ایف کی تاریخ

پاکستان کی آئی ایم ایف پروگراموں میں شمولیت کے بارے عالمی ادارے کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ ابھی تک 23 پروگرام ہوئے اور پہلا پروگرام دسمبر 1958 میں طے پایا جس کے تحت پاکستان کو ڈھائی کروڑ ڈالر دینے کا معاہدہ طے ہوا۔

اس کے بعد آئی ایم ایف پروگراموں کا سلسلہ بڑھتا چلا گیا۔ آخری بار آئی ایم ایف بورڈ نے اگست 2022 میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے ساتویں اور آٹھویں جائزے کے تحت پاکستان کو 1.1 ارب ڈالرز قرض دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایران کے خلاف جنگ اختتامی مرحلے کے قریب پہنچ چکی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

معروف آسٹریلوی آل راؤنڈر ایشٹن ٹرنر ملتان سلطانز کے کپتان مقرر

آذربائیجان کے صدر کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط، ایران کا سپریم لیڈر بننے پر مبارکباد

ترکیہ کے لیے خطرہ بننے والے اشتعال انگیز اقدامات نہ کیے جائیں، ترک صدر نے ایران کو خبردار کردیا

ایران کے تیل پر قبضہ کرنے کی بات ابھی جلد بازی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

ویڈیو

اسلام میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے طریقے

تیل کی قیمتوں میں اضافہ، حالات کنٹرول سے باہر ہونے کا خدشہ، امریکا و اسرائیل کو بھاری نقصان، ٹرمپ کی چیخیں

نقاب میں شناخت، چارسدہ کی نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر کی کہانی

کالم / تجزیہ

انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟

کیا یہ امریکا کی آخری جنگ ہے؟

موکھی متارا: کراچی کی ایک تاریخی داستان