نگراں کابینہ کا انتخاب میرٹ پر، چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود، سینیئر تجزیہ کار

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی 18 رکنی نگراں کابینہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نگراں وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔

وی نیوز نے مختلف تجزیہ کاروں سے گفتگو کی اور ان سے کابینہ کے انتخاب سے متعلق استفسار کیا۔

تجزیہ کاروں کی رائے ہے کہ نگراں کابینہ کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے، امید ہے کہ نگراں وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے معاہدے پر پورا اترے کی اور شرائط پر عمل کرے گی جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔

نگراں کابینہ کا انتخاب بہت اچھا کیا گیا ہے، مجیب الرحمٰن شامی

سینیئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں کابینہ کا انتخاب بہت اچھا کیا گیا ہے۔ نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد ایک ٹی وی پروگرام کرتے ہیں جو اسلام کی روشنی میں مسائل کی گرہ کھولتا ہے۔ انیق احمد مختلف مکاتب فکر کے درمیان ایک پل ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی مشکل حالات میں سر ہتھیلی پر رکھ کر ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے، خود اور فیملی نے مشکلات کا سامنا کیا لیکن کبھی دہشت گردوں اور جنگجووں  سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا اور مردانہ وار کھڑے رہے۔

جلیل عباس جیلانی بہت تجربے کار سفارت کار ہیں

مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بہت تجربے کار سفارت کار ہیں، وہ امریکا اور بھارت میں بخوبی اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں، وہ سیکرٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔

احد چیمہ کتنے مشکل سے گزرے، بے گناہ سزا کاٹی اور سخت تفتیش کے باوجود ان پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ہے۔ اسی طرح وزارت خزانہ، وزارت اطلاعات اور دیگر وزارتوں کے لیے اچھے لوگوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

نگراں کابینہ کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے، حامد میر

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی حامد میر نے کہا کہ نگراں کابینہ کے انتخاب میں اس بات کا خیال کیا گیا ہے کہ چاروں صوبوں کی نمائندگی ہو، ٹیکنوکریٹ ہوں، نگراں کابینہ کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم وزارت خزانہ کے لیے شمشاد اختر کو چنا گیا ہے جو عالمی بینک کی نائب صدر رہ چکی ہیں، ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک میں بھی کام کر چکی ہیں، اسٹیٹ بینک کی بھی گورنر رہ چکی ہیں، اقوام متحدہ کی ایڈوائزر بھی رہ چکی ہیں اور ابھی اقوام متحدہ کی ایک کونسل ممبر ہیں۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد مذہبی اسکالر ہیں

دوسری جناب نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی منجھے ہوئے سابق سفارتکار ہیں، سیکرٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں، بھارت میں ہائی کمشنر رہے ہیں، یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر برسلز میں بھی پاکستان کے ہائی کمشنر رہ چکے ہیں۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی وائس آف امریکا میں کام کر چکے ہیں، پیپلز پارٹی دور میں ریڈیو پاکستان کے سربراہ رہ چکے ہیں۔

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد پڑھے لکھے شخص ہیں، مذہبی اسکالر ہیں، نگراں وزیر قانون احمد عرفان اسلم ماہر قانون ہیں، نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں، وہ پی ٹی آئی دور میں قائم کی گئی نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں بھی کام کر چکے ہیں۔

حامد میر نے کہا کہ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے قریبی دوست ہیں اور ان کا تعلق بھی بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے، جب سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیر داخلہ تھے اس وقت انوار الحق کاکڑ اسی حکومت کے ترجمان تھے، اس طرح دونوں کا پہلے بھی ایک ساتھ کام کرنے کا تجربہ ہے۔

ٹیکنوکریٹس کو ترجیح دی گئی ہے، ارشاد احمد عارف

سینیئر صحافی ارشاد احمد عارف نے کہا کہ نگراں کابینہ کے انتخاب میں ٹیکنوکریٹس کو ترجیح دی گئی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے، اچھا ہوا کہ سیاسی شخصیات کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک جس سیاسی بحران کا شکار ہے اس کو کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ انتخابات پر کسی کو کوئی تحفظات نہ ہوں اور  نہ کوئی دنگا فساد ہو۔

کچھ عناصر جمہوریت اور آئین کے خلاف ہیں

ارشاد احمد عارف کے مطابق ہمارے ملک میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کچھ ایسے عناصر ہیں جو جمہوریت اور آئین کے خلاف ہیں۔ وہ ملک میں اپنی مرضی کرنا چاہتے ہیں ان کو شکست دینے کے لیے بھی ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ نگراں وزیراعظم اور کابینہ کی ذمہ داری ہے کہ آئندہ عام انتخابات ملک کے لیے استحکام کا باعث بنیں۔

بھارت فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے

ارشاد احمد عارف نے کہا کہ ملک میں لا ان آرڈر اور معیشت کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں جس میں فوجی جوان شہید ہو چکے ہیں، نگراں وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے کہ ان واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع سے ہمارا دشمن بھارت بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے، اس کے لیے بھی ہمیں سخت پالیسی اپنانا ہو گی۔

سیاسی پارہ کم کرنے کی ذمہ داری ہوگی

ارشاد احمد عارف نے کہا کہ نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی ذمّہ داری ہو گی کہ وہ ملک میں جو سیاسی پارہ چڑھا ہوا ہے اس کو بھی کم کریں اور تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں مساوی حقوق فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد بہت ہی پسند کیے جانے والی شخصیت ہیں، ٹی وی پر ان کا مذہبی پروگرام انتہائی دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے، نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی خاص مزاج کے آدمی ہیں، وہ اپنے فرائض بخوبی انجام دینا جانتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp