جج ہمایوں دلاور کو لندن میں ہراساں کرنے پر شایان علی کیخلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو لندن میں ہراساں کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ شایان علی کے خلاف اسلام آباد مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شہری ناصر اقبال کی جانب سے اسلام آباد کے تھانہ رمنہ میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شایان علی کی 6 اگست کو سوشل میڈیا پر مختلف وڈیوز وائرل ہوئیں جن میں وہ ایک جج کی زندگی کو جہنم بنانے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور شایان علی نے جج ہمایوں دلاور کے ٹریننگ کے مقام کے باہر لوگوں کا مجمع بھی اکٹھا کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق برطانوی سیکیورٹی حکام نے جج ہمایوں دلاور کو حملے سے بچایا جبکہ پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے رہنما عمران خلیل اور عادل فاروق راجہ نے بھی ملزم شایان علی کا ساتھ دیا۔

ناصر اقبال نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان کا مقصد ججز کو دباؤ میں لا کر مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں فیصلے کروانا ہے، ملزمان نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

’انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو کلپ میں برطانیہ میں مقیم شایان علی مستقل طور پر لاہور کا رہائشی ہے جس نے جج ہمایوں دلاور کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔‘

ناصر اقبال کے مطابق شایان علی نے مجموعی طور پر اسی طرح کے 5 ویڈیوکلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔ ایک اور کلپ میں شایان اپنی ٹیم کے ہمراہ ایئرپورٹ پر تھا جس میں لوگوں نے ہمایوں دلاور کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا ’انگلیںڈ میں ٹریننگ کے لیے آنے والے جج کو ہم پکڑیں گے۔‘

’برطانیہ میں ٹریننگ کے لیے گئے جج ہمایوں دلاور کی گاڑی کے باہر سے بھی ویڈیو بنائی گئی، پاکستانی جج کے ساتھ دیگر ممالک کے ججز اور خواتین کی بھی وڈیو بنائی گئی جبکہ پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما عمران خلیل نے دعوی کیا کہ انہوں نے جج ہمایوں دلاور کو دہشت زدہ کرنے کی خاطر ہالیڈے ان اور مرینا ہوٹل میں بکنگ بھی کرائی ہوئی ہے۔‘

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شایان علی کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو عادل فاروق راجہ نے نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ سارہ میر اور دیگر کی دھمکی آمیز ویڈیوز آگے شیئر بھی کیں۔

 واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 3 سال قید اور 5 سال نا اہلی کی سزا سنائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp