علی مردان ڈومکی نگراں وزیر اعلی بلوچستان نامزد، گورنر نے منظوری دیدی

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں نگران وزیر اعلی کی تقرری کے لیے حکومت اور حزب اختلاف نے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔ صوبے کے ساتویں نگران وزیر اعلی علی مردان ڈومکی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعلی کی تقرری کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی نے نگران وزیر اعلی بلوچستان کے لیے چار تجویز کردہ ناموں میں سے علی مردان ڈومکی کا نام فائنل کرکے ان کی تقرری کی سمری گورنر بلوچستان کو بھیجی تھی، جس پر گورنرعبدالولی کاکڑ نے دستخط کردیے ہیں۔ نگران وزیر اعلی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر بلوچستان نے علی مردان ڈومکی کی بطور نگراں وزیر اعلی بلوچستان نامزدگی کی منظوری دیدی ہے۔ نگراں وزیر اعلی جلد ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں گے۔

 نگراں وزیر اعلی کی نامزدگی پر تنازعہ کیا تھا؟

نگراں وزیر اعلی بلوچستان کی تقرری کا معاملہ اس وقت کھٹائی میں پڑتا دکھائی دیا جب حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی میں نگراں وزیر اعلی کی تقرری پر اختلافات کی خبریں سامنے آئیں۔ 15 اگست کو بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال خان گروپ کی جانب سے نگراں وزیرِ اعلی کے لیے میر علی مردان ڈومکی کا نام فائنل کیا گیا جس پر بلوچستان کی سب سے بڑی اپوزیشن کی جماعت جمعیت علماء اسلام کو بھی رضا مند کر لیا گیا تھا۔

لیکن کہانی میں ٹوئسٹ اس وقت آیا جب سابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے جام کمال خان کے تجویز کردہ نگراں وزیر اعلی کے امیدوار کی سمری پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ یوں نگراں وزیر اعلی کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھیجنا پڑا۔

اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی ارکان کے لیے عبدالواحد صدیقی، یونس زہری اور حاجی نواز کاکڑ کے نام جبکہ سابق وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے عبدالرحمان کھیتران اور زمرہ اچکزئی سمیت اپنا نام بھی کمیٹی کے لیے فائنل کیا۔

اس دوران اپوزیشن نے عثمان بادینی اور علی مردان ڈومکی جبکہ حکومت نے نصیر بزنجو اور علی حسن زہری کے نام تجویز کیے تاہم گزشتہ شب نگراں وزیر اعلی کی تقرری کے لیے تشکیل کردہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق رائے کرلیا گیا۔

میرعلی مردان خان ڈومکی کون ہیں؟

میر علی مردان ڈومکی  بلوچستان کے ساتویں نگران وزیر اعلی ہیں۔ ان کا تعلق ایک بلوچ قبیلے سے ہے جبکہ پیدائش 13 اکتوبر 1972 کو ہوئی۔ علی مردان ڈومکی بلوچستان کے علاقے لہڑی سے تعلق رکھتے ہیں

علی مردان ڈومکی سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کے والد 1975 سے 1977 تک بطور سینیٹر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

علی مردان ڈومکی نے علامہ اقبال یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا۔ جس کے بعد انہوں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔ علی مردان ڈومکی 2002ء سے 2005ء تک تحصیل ناظم لہڑی اور 2005ءسے 2010ءتک ضلع ناظم سبی رہے ہیں۔

علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن بلوچستان اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں جبکہ سابق گورنر بلوچستان نواب اکبر خان بگٹی علی مردان ڈومکی کے نانا تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp