سائفر اور 9 مئی کے حقائق جاننے کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیے جائیں، پی ٹی آئی

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کورکمیٹی کی جانب سے امریکی سائفر اور 9 مئی کے واقعات  پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمشینز کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعے کو منقعد ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے سائفر (خفیہ مراسلے) اور 9 مئی کے واقعات پر حقائق کے تعین اور قوم کی ان سے آگاہی کے لیے فوری طور پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشنز کی تشکیل کی جائے۔

پی ٹی آئی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان نے اپنی 3 عشروں پر محیط سیاسی جدوجہد میں مرکز گریز قوتوں کے مقابلے میں ریاست اور وفاق کو غیر معمولی تقویت پہنچائی لیکن اب بدترین انتقامی کارروائیوں کے ذریعے پی ٹی آئی کو کمزور کر کے انتہاپسند، شدت پسند اور پرتشدد گروہوں کے لیے سیاست کے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔

اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ پچھلے 5 روز کے دوران خاص طور پر جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی سے وابستہ شخصیات کے خلاف ریاست کی مبینہ وحشیانہ کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور پارٹی توڑنے اور کارکنان و ذمہ داران کو تحریک سے علیحدگی اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

پارٹی اعلامیے میں کہا گیا کہ محسن لغاری ، نواب زادہ منصور علی خان، نیاز حسین جھکڑ، سیف الدین کھوسہ اور فیصل نیازی سمیت متعدد قائدین اور ان کے اہلخانہ کوبدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ محسن لغاری کو پارٹی سے علحیدگی اختیار کرنے پر مجبور کرنے کے لیے ان کے جواں سال بیٹے پر بھی وحشیانہ تشدد کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات پر اب تک کی پیش رفت پر قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو بریفننگ دی جس پر کور کمیٹی کی جانب سے نہایت محنت، لگن اور مؤثر انداز میں مقدمات کی پیروی کرنے پر قانونی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان کی اپیل کی 22 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور مذکورہ سماعت کے نتیجے میں پارٹی چیئرمین کی سزا کی معطلی اور ان کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق کی بحالی پر امید کا اظہار کیا گیا۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل کے ایک نجی ٹی وی کے حالیہ انٹرویو کے مندرجات پر بھی غور کیا گیا اور بلوچ لیڈر کی باتوں کو لمحہ فکریہ قرار دیا گیا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ حکام قومی سطح پر پائی جانے والی کنفیوژن کے تدارک کا اہتمام کریں اوراختر مینگل کے بیان کی روشنی میں قوم کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کریں۔

چوہدری مونس الہی خصوصی دعوت پر کور کمیٹی کے اجلاس میں شریک کی۔ اس موقع پر کور کمیٹی کی جانب سے ریاستی جبر کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے پر پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویزالہی سمیت تمام قائدین اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp